پشاور : محکمہ ایکسائزخیبرپختونخوا 1300 سے 2500 سی سی انجن کی گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس ایک روپیہ مقرر کردی ہے، اگلے مہینے سے صوبے میں گاڑیوں کو یونیورسل نمبرپلیٹس کا اجراء کیا جائےگا، نئی نمبر پلیٹ ڈیزائن کی منظوری بھی اگلے ہفتے دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں 13 سو سے 25 سو سی سی انجن کی گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس ایک روپیہ مقرر کردی گئی ہے، اگلے مہینے سے رجسڑیشن فیس ایک روپیہ وصول کی جائے گی۔ اعلامیہ محکمہ ایکسائز میں کہا گیا کہ اگلے مہینے سے صوبے میں گاڑیوں کو یونیورسل نمبرپلیٹس کا اجراء کیا جائےگا۔ مشیر ایکسائزخلیق الرحمان نے کہا کہ محکمہ ایکسائز نے ٹوکن ٹیکس سے متعلق زما خیبرپختونخوا ایپ کا اجرا پہلے سے کررکھا ہے، رجسٹریشن فیس ایک روپے مقرر کرنے سے صوبے میں گاڑیوں کی رجسٹریشن میں اضافہ متوقع ہے، نئی نمبر پلیٹ ڈیزائن کی منظوری بھی اگلے ہفتے دی جائے گی۔
نئی نمبر پلیٹ میں دیگر سیکیورٹی آپشن کے علاوہ صوبے میں سیاحت سے متعلق بھی فیچر شامل ہیں۔ نئے نظام کے تحت گاڑی مالکان کو ایک ساتھ رجسٹریشن بک اور نمبر پلیٹ ایک ساتھ دئیے جائیں گے۔ دوسری جانب محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات سندھ نے موٹر وہیکل اور پروفیشنل ٹیکس کی وصولی کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔ یہ تفصیلا ت رواں مالی سال جولائی 2021 سے ستمبر 2021 تک ٹیکس کی وصولی کی ہیں۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چائولہ نے بتایا کہ موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں کراچی سے 2454.625 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا جبکہ حیدرآباد سے 103.784 ملین روپے اور سکھر سے 38.083 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں شہید بینظیر آباد سے 16.820 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا اور اسی مد میں لاڑکانہ سے 25.582 ملین روپے اور میرپور خاص سے 12.714 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔