Sunday May 5, 2024

عید سے پہلے عیدی، اوگرا کی سمری مسترد، حکومت کا یکم مئی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ

اسلام آباد : حکومت نے یکم مئی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے، معاون خصوصی سیاسی روابط شہباز گل نے کہا کہ اوگرا نے سمری میں قیمتیں 5سے 10روپے بڑھانے کی سفارش کی تھی، وزیراعظم نے پرانی قیمتیں برقرار رکھنے کی ہدایت کردی ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمت نہیں بڑھائی جائے گی۔ اوگرا کی سمری میں 5 سے 10 روپے اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔ وزیراعظم نے اسے نامنظور کر کے 16 اپریل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اوگرا کی سفارش کردہ قیمتیں لف ہیں۔ جو منظور نہیں کی گئیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل رمضان المبارک میں عوام کیلئے ریلیف فراہم کرتے ہوئے حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی تھی، وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرول 1 روپے 79 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 2 روپے 32 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل 2 روپے 21 پیسے جبکہ مٹی کا تیل 2 روپے 6 پیسے سستا کیا گیا تھا ، کمی کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 108.56 روپے اور ڈیزل کی نئی قیمت 110.76 روپے فی لیٹر ہو گئی جب کہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 77 روپے 65 پیسے اور مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 80 روپے مقرر کی گئی ۔

FOLLOW US