اسلام آباد: اوگرا نے مئی کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں کمی کردی۔ تفصیلات کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 12روپے 38 پیسے فی کلو گرام کمی کی گئی ہے ، اس کمی کے بعد ایل پی جی کا 11 اعشاریہ 8 کلو گرام کا گھریلو سلنڈر 146 روپے 19 پیسے سستا ہوگیا ، جس کے بعد گھریلو سلنڈرکی نئی قیمت 1572 روپے 40 پیسے مقرر کی گئی ہے جب کہ اپریل میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 1718 روپے 59 پیسے کا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اوگرا نےایل پی جی سستی کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ، ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق مئی 2021 کیلئے ہوگا۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے اپریل کے مہینے کے لیے بھی وفاقی حکومت نے ایل پی جی کی قیمت میں 14 روپے فی کلو کمی کی تھی ،
اپریل کیلئے ایل پی جی کی نئی قیمت 145روپے 64 پیسے کی گئی، جب کہ گھریلو سلنڈر کی قیمت 1884روپے 92 پیسے ہوگئی تھی ، تفصیلات کے مطابق اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں 14 روپے فی کلو کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا ، نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ایل پی جی کی فی کلو قیمت مارچ کے مقابلے میں اپریل کیلئے 14 روپے سستی کردی گئی ، اپریل کیلئے فی کلو ایل پی جی کی نئی قیمت 145روپے 64 پیسے مقرر کی گئی ، اسی طرح یکم اپریل سے ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر166روپے 33 پیسے سستا کردیا گیا ، جب کہ مارچ کیلئے ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 1884 روپے 92 پیسے مقرر کی گئی تھی ، لیکن اپریل کیلئے 11.8 کلو گرام کے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی نئی قیمت 1718 روپے59 پیسے مقرر کی گئی۔ اسی طرح وزارت خزانہ نے یکم اپریل سے اگلے پندرہ روز کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی کا اعلامیہ جاری کیا، اوگرا کی سفارش پر وزارت خزانہ نے ڈیزل کی قیمت میں3 روپے فی لیٹر کمی کی گئی تھی ، پٹرول 1روپے 55 پیسے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 1روپیہ 56 پیسے اور مٹی کا تیل ایک روپے 55 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 110 روپے35 پیسے، ڈیزل کی نئی قیمت 113 روپے 8 پیسے، لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 79 روپے 86 پیسے اور مٹی کے تیل کی نئی قیمت 82 روپے 6 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی۔