Tuesday January 21, 2025

ایران ،امریکہ کشیدگی کم کروانے کیلئے وزیراعظم کا بڑافیصلہ، آرمی چیف کو اہم ٹاسک سونپ دیا

ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو اہم ہدایات جاری کی ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو ایران، امریکا اور سعودی عرب کے دوروں کی ہدایت کی ہے جب کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھی متعلقہ ممالک کے فوجی سربراہان سے رابطوں کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی متعلقہ ممالک کے وزرائے خارجہ اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ متعلقہ ممالک کے فوجی

سربراہان کو واضح پیغام دیں کہ پاکستان امن کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے تاہم اب کسی جنگ کا دوبارہ حصہ نہیں بنے گا۔دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو امریکی وزیر ددفاع ڈاکٹرمارک ٹی ایسپر سے فون پر ایران امریکا کشیدہ صورتحال پر بات چیت کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو امریکی وزیردفاع ڈاکٹر مارک ٹی ایسپر نے ٹیلی فون کیا اور امریکا ایران کشیدگی و مشرق وسطی کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم سب نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کرکے خطے میں قیام امن کے لئے بہت کام کیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ حالات مزید کشیدہ نہ ہوں، خطے میں امن کیلئے ہرقسم کی کاوش کی حمایت کریں گے۔سربراہ پاک فوج نے مزید کہا کہ ہم افغان مفاہمتی عمل کی کامیابی کے لئے اپنا تعمیری کردار ادا کرتے رہیں گے، چاہتے ہیں افغان امن عمل پٹڑی سے نہ اترے اور خطہ نئے تنازعات کی بجائے تنازعات کے حل کی طرف گامزن ہو۔آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وزیردفاع مارک ایسپر کا کہنا تھا کہ امریکا بھی جنگ نہیں چاہتا لیکن اگر جواب ضروری ہوا تو امریکا بھرپور قوت سے جواب دے گا۔

FOLLOW US