اسلام آباد /کراچی(این این آئی)محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک و سرد اور چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے تاہم گلگت بلتستان کے اضلاع میں بعض مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔پنجاب اور بالائی سند ھ کے بیشتر میدانی علاقوں میں رات،صبح کے اوقات میں شدیددھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران پنجاب کے
بعض علاقوں میں کْہر پڑنیکا بھی امکان ہے۔دوسری جانب شہر قائد میں صبح سے بادلوں نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں،شہر میں ہونے والی بوندا باندی سے سردی میں اضافہ ہوگیا، کوئٹہ کی جانب سے ہلکی رفتار میں چلنے والی سرد ہواو?ں کی وجہ سے ٹھنڈ میں اضافہ ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق بھر شہر کا مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے،شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 14.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ادھر گذشتہ روز کشمیر کے اضلاع میں کہیں کہیں جبکہ راولپنڈی، چکوال، جہلم،سیالکوٹ، سوات، ہزارہ، پاراچناراور گلگت بلتستان کے اضلاع میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔اس دوران مالم جبہ، مری، اسکردو اور بگروٹ میں برفباری بھی ہوئی۔