Wednesday January 22, 2025

اگر ناروے حُکومت قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہیں کرتی تو تجارتی بائیکاٹ کیا جائیگا؟ صوبائی حُکومت کا اعلان

کراچی : وزیر اطلاعات ومحنت سندھ سعید غنی نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر ناروے کی حکومت نے قرآن کریم کی بیحرمتی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی نہ کی تو اس ملک کا تجارتی بائیکاٹ کیا جائے اور اس کے ساتھ سفارتی تعلقات بھی منقطع کیے جائیں۔ ترقی یافتہ ملکوں میں اظہار رائے کی آزادی کے نام پر ذہنی مریضوں کی جانب سے اس طرح کی اشتعال انگیزیاں ناقابل برداشت ہیں۔

تمام اسلامی ملکوں کو حکومتی سطح پر اس کے خلاف متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کی ایڈمنسٹریشن سوسائٹی میں محفل میلاد النبیﷺ کی منعقدہ تقریب سے خطاب اور بعد ازاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا. تقریب سے مولانا تنویرالحق تھانوی اور سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ کراچی ایڈمن ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ خالد نور، وائس چیئرمین کاشف شیخ، کراچی ایڈمن کوآپریٹو ہاوسنگ سوسائٹی کے سیکریٹری احمد علی، انیس باڑی، صبور احمد اراکین سعد اختر، فیضان تقی، سعد سلیم، شیخ زبیر نور، سعد ظفر، سلمان مجاہد بلوچ، پی ٹی آئی ایم پی اے بلال غفار، حسام شمسی، اقبال ساند، اقبال یوسف، شہزاد میمن، ڈی ایس پی ملیر فیصل خان اور ایس ایچ او ٹیپو سلطان شعیب خان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی. ناروے میں قرآن پاک کی بیحرمتی کے خلاف کراچی کی ایڈمنسٹریشن سوسائٹی میں محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے دوران ایک منٹ کی خاموشی اور شدید احتجاج کیا گیا۔

سعید غنی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن پاک کی بیحرمتی کی کوشش کی مزاحمت کرنے والے مسلم نوجوان کی جرات وہمت کو سراہتے ہوئے اسے شاندار الفاظ میں خراج تحسین بھی پیش کرتے ہیں. تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مفتی عبدالوارث قادری اشرفی نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مختلف پہلوؤں کا احاطہ کیا اور بالخصوص عملی زندگی میں سیرت طیبہ کو مشعل راہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ مولانا تنویر الحق تھانوی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے ایک جاہل معاشرے میں مبعوث فرمایا، جس سے آج کے دور میں یہ سبق ملتا ہے کہ ہمیں اپنی عملی صلاحیتوں کا اظہار ایسے علاقوں میں جاکر کرنا چاہیے، جہاں ان کی ضرورت سب سے زیادہ ہو۔ کراچی ایڈمن ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ خالد نور، وائس چیئرمین کاشف شیخ اور سوسائٹی کے سیکریٹری احمد علی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے تاجر برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ ناروے کا تجارتی بائیکاٹ کریں۔ قبل ازیں سالانہ محفل میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، جس کے بعد قاری شفیق، خاور نقشبندی، حافظ عبدالرحیم اور محسن قادری سمیت ممتاز ثنا خوانوں نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں گل ہائے عقیدت کا نذرانہ پیش کیا۔ کراچی ایڈمن ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین کاشف شیخ نے تقریب کو کامیاب بنانے پر تمام شرکائ بالخصوص ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ خالد نور، سعد اختر، فیضان تقی، سعد سلیم، شیخ زبیر نور اور سعد ظفر کا شکریہ ادا کیا۔ پیر مرزا شاہد بیگ نے رقت انگیز دعا کرائی جس کے بعد یہ بابرکت محفل میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم اختتام پذیر ہوئی۔ شرکا کے لیے لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا

FOLLOW US