Wednesday January 22, 2025

سمندری طوفان کا خطرہ، ساحلی علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی

کراچی۔ میئر کراچی وسیم اختر نے سمندری طوفان کی پیش گوئی کے بعد بلدیہ عظمیٰ کراچی کے متعلقہ محکموں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے فائر بریگیڈ، میونسپل سروسز، سٹی وارڈنز، ریسکیو اور اسپتالوں میں عملے کو ڈیوٹی پر حاضر رہنے کی ہدایت کردی ہے۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق میئرکراچی نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ سمندری طوفان کے پیش نظر فی الحال ہاکس بے اور دیگر ساحلی تفریحی مقامات پر جانے سے گریز کریں جبکہ ساحلی مقامات پر پہلے سے موجود شہری فوری طور پر سمندر سے دور ہوجائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرناک صورتحال سے محفوظ رہ سکیں، سمندری طوفان کے ساتھ تیز ہوائوں اور بلند لہروں کے امکان کے پیش نظر میئر کراچی نے ہاکس بے کے ساحل پر تعینات بلدیہ عظمی کراچی کے ریسکیو عملے اور سٹی وارڈنز کو بھی ہدایت جاری کی کہ وہ شہریوں کو حفاظتی اقدامات سے آگاہ کریں اور سمندر میں نہ جانے دیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ہرممکن احتیاط برتی جائے، ساحلی علاقوں کے مکین بھی سمندر میں جانے سے گریز کریں اور طوفانی ہواؤں سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔انہوں نے کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور کے الیکٹرک اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے حفاظتی اقدامات کریں،شہری حفاظتی اقدامات کے پیش نظر طوفانی ہواؤں کے دوران بڑے ہورڈنگز بورڈ کے نیچے کھڑے ہونے سے گریز کریں اوربارش ہونے کی صورت میں بجلی کے پولز سے دور رہیں تاکہ کسی بھی نقصان سے بچا جاسکے،متوقع بارشوں کی صورت میں میونسپل سروسز کا عملہ پانی کی نکاسی کے لئے مشینری کے ساتھ تیار رہے تاکہ شہریوں کو کسی بھی مشکل صورتحال سے محفوظ رکھا جاسکے۔

FOLLOW US