Wednesday January 22, 2025

مودی جی کسی غلط فہمی میں نہ رہنا،آزادی مارچ کے دوران بارڈر پر ہلکی سی بھی پہل ہوئی تو یاد رکھنا۔۔۔ حکومت نے بھارت کو واضح پیغام بھجوا دیا

لاہور(ویب ڈیسک) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرورنےبھارتی فوج اورانکی حکومت کوانسانیت اورامن کا’’قاتل‘‘قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پربلا اشتعال فائرنگ اور کشمیریوں پر مظالم بھارت کی سب سے بڑی دہشت گردی ہے،انکے جنگی جنون سے علاقائی امن و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں،بھارت سن لے اگر جنگ ہوگی تو یہ بر صغیر کی

آخری جنگ ہی ہوگی،بند وق اور گولی کی طاقت کشمیریوں کے جذبہ کو ختم نہیں کر سکی، اور مودی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ آزادی مارچ کے دوران ہمارے بارڈر غیر محفوط ہیں اور آج بھارت لاکھوں فوجیوں کے باوجود کشمیر میں کر فیو ختم کر نے سے ڈر رہا ہے،کشمیر پاکستان اور پاکستان کشمیر ہے،دونوں خون کے آخری قطرے تک ایک دوسرے کیساتھ ہیں،اقوام متحدہ سمیت عالمی ادارے مسئلہ کشمیر پر خاموشی ختم کر کے کشمیر یوں کو بھارت کے مظالم سے نجات دلائیں۔کشمیری راہنما چوہدری الیاس احمد اور مبارک علی شاہ کی قیادت میں آزادکشمیر سے ملاقات کر نیوالے وفد سے گور نر ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کشمیر یوں کےخلاف5اگست کابھارتی اقدام سب سےبڑی دہشت گردی اورانسانیت کا قتل عام ہے، بھارت کا ہراقدام ا قوام متحدہ کی قراردادوں سے انحراف ہے، وقت آچکا ہے کہ عالمی طاقتیں کشمیر یوں کو آزادی دلانے کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کر یں اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کر یں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے اپنی سیاسی دکانداری چمکانے کیلئے بھارت میں ہمیشہ پاکستان کے خلاف نفر ت کوفر وغ دیااوراپنی قوم کو گمراہ کرکے ووٹ حاصل کر تا ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ نر یندرمودی اور بھارتی افواج دہشت گردی کر رہی ہیں ،ہم انکو پوری دنیا میں بے نقاب کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارت پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ وہ دھمکیوں سے ہمیں خوفزدہ نہیں کر سکتا،سر حدوں کی حفاظت کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ملکر بھارت کومنہ توڑ جواب دینے کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا شہری آبادیوں کو دانستہ نشانہ بنانا انتہائی شر مناک اور انسانی عظمت ووقار، عالمی انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی صریحا ًمنافی ہے۔

FOLLOW US