Wednesday January 22, 2025

جاپانی شہری صبح کی بجائے ہمیشہ رات کو سونے سے پہلے کیوں نہاتے ہیں؟ دلچسپ وجہ سامنے آگئی

ٹوکیو(ویب ڈیسک) جاپان میں کئی ایسی روایات پائی جاتی ہیں جو باقی دنیا کے لیے یقینا حیرت کا باعث بنتی ہیں، جن میں ایک یہ بھی ہے کہ جاپانی شہری صبح کی بجائے ہمیشہ رات کو سونے سے پہلے نہاتے ہیں۔اب ان کی اس منفرد عادت کی انتہائی دلچسپ وجہ بھی سامنے آ گئی ہے۔ ویب سائٹ jpninfo.comکے مطابق جو لوگ جاپان جا چکے ہیں وہ جانتے ہوں گے کہ جاپانی پبلک باتھ اور ہاٹ سپرنگز میں نہانے کی عادت رکھتے ہیں۔

لگ بھگ ہر شہر، قصبے اور گاؤں میں پبلک باتھ موجود ہیں جہاں کوئی بھی مرد یا عورت انتہائی معمولی رقم کے عوض نہا سکتا ہے۔ اس دوران انہیں دیگر لوگوں سے ملنے اور گفتگو کرنے کا بھی ایک موقع دستیاب ہوتا ہے۔ چنانچہ جاپانی شہری پبلک باتھ میں نہانا ہی پسند کرتے ہیں۔ اب اس کی بھی دو وجوہات ہیں، پہلی شدید موسم اور دوسری گھر پر نہانے کی سہولت کا نہ ہونا۔جاپان میں سردیوں میں درجہ حرارت بہت سرد اور گرمیوں میں بہت گرم ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ اکثر جاپانیوں کے گھروں میں باتھ ٹب اور سنٹرل ہیٹنگ سسٹم کی سہولت نہیں ہوتی، چنانچہ وہ نہانے اور کچھ دیر سکون کرنے کے لیے پبلک باتھ ہی کو ترجیح دیتے ہیں۔ اب آپ سوچ سکتے ہیں کہ پبلک باتھ میں جانے کے لیے کون سا وقت زیادہ موزوں ہو سکتا ہے اور وہ بھی جب آدمی نہانے کے ساتھ لوگوں سے ملنے جلنے، گپ شپ لگانے اور کچھ پرسکون وقت گزارنا چاہتا ہو۔ چنانچہ جاپانی کام سے چھٹی کے بعد رات کو ہی پبلک باتھ جاتے اور نہاتے ہیں۔جاپانیوں کے لیے شاور لینا اور باتھ کرنا بھی دو مختلف چیزیں ہیں۔ ان کے لیے باتھ کرنا کافی وقت لگا کر نہانے اور اچھی طرح جسم صاف کرنے کو کہتے ہیں، جو کہ صبح کے وقت جلدی میں ممکن نہیں ہوتا۔چنانچہ جوجاپانی صبح جلدی جلدی شاور لیتے ہیں وہ بھی اپنی تشفی کے لیے رات کو پبلک باتھ میں جا کر باتھ کرتے ہیں۔

FOLLOW US