سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے ہفتہ کو سرینگر کے علاقے حسن آباد رعناواری میں محرم الحرام کے جلوس پر طاقت کاوحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں چار صحافیوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے جلوس کے شرکاء پر پیلٹ فائر کئے، آنسو گیس کے گولے داغے اور لاٹھی چارج کیا۔ بھارتی فورسز نے جلوس کی عکس بند ی کرنے والے صحافیوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایاجس سے چار صحافی بھی زخمی ہوگئے۔ بھارتی فورسز نے تین صحافیوں شاہد خان، مدثر ڈار اوربلا ل بٹ کو پکڑ کر لاٹھیوں اور بندوق کے بٹوں سے تشدد کا نشانہ بناکر زخمی کردیا جبکہ فورسز اہلکاروں کی پیلٹ فائرنگ سے بھی ایک فوٹو جرنلسٹ زخمی ہوگیا۔ بھارتی فورسز نے ایک فوٹوجرنلسٹ کاکیمرہ بھی توڑدیا۔