لاہور(نیوز ڈیسک) ملک میں گزشتہ روز 54واں یوم دفاع ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا اور آج یوم فضائیہ کے موقع پر سوشل میڈیا پر پاک فضائیہ کے مایہ ناز افسر ایم ایم عالم کی کئی تصاویر گرد ش کررہی ہیں جنہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے۔ان ہی میں سے ایک تصویر میں پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں 56رنز کے عوض 9شکار کرنے والے عبدالقادر، ون ڈے میں 12رنز کے عوض7وکٹیں لینے والے شاہد آفریدی اور ٹی ٹونٹی کرکٹ میں محض 6رنز دے کر 5شکار کرنے والے عمر گل کی تصویر کے ساتھ ساتھ 54سال قبل 7ستمبر1965ءکو اپنے امریکی ساختہ ایف 86سیبر طیارے کی گنز کے ذریعے ایک ہی دن میں 5 برطانوی ساختہ بھارتی
ہاکر ہنٹر طیاروں کا شکار کرنے والے سکوارڈن لیڈر(بعد ازاں ایئر کموڈور) ایم ایم عالم کی تصویر بھی وائرل ہے جس کے ذریعے کم ترین وقت میں زیادہ طیارے مار گرانے والے پاک فضائیہ کے مایہ ناز افسر کو خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے اور سوشل میڈیا صارفین بھی اسے بے حد پسند کررہے ہیں۔انہوں نے محض30سیکنڈ میں پہلے 4بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا اور پھرایک اور طیارہ اپنی گن کی مدد سے تباہ کیا۔ایم ایم عالم1960ءسے1982ءتک پاک فضائیہ کے ساتھ منسلک رہے تھے اور دشمن کے5طیارے تباہ کرکے ”فلائنگ ایس“ کا خطاب حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔وہ18مارچ 2013ءکو طویل علالت کے باعث 77سال کی عمر میںپی این ایس شفا ء، کراچی میں انتقال کرگئے تھے۔