Tuesday January 21, 2025

بل گیٹس اور فیس بک کے بانی کو دورہ پاکستان کی دعوت دینے کا اعلان، دونوں شخصیات کب پاکستان کا دورہ کر سکتی ہیں؟

اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہمارے آفیشل ہیش ٹیگ تِھنک فیوچر کے تحت اکتوبر میں اسلام آباد میں ایک بین الاقوامی کانفرنس ہو گی جس میں شرکت کیلئے بل گیٹس، ملالہ یوسفزئی، مارک زکربرگ اور ایلان مسک کو پاکستان آنے کی دعوت دی گئی ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ تھنک فیوچر کے تحت پاکستان انوویشن ویک کا انعقاد بھی کیا جائیگا جس میں ملک بھر سے عوام کو جدید نظریات کی بنیاد پر اپنی ایجادات سامنے لانے کا موقع فراہم کیا جائیگا۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ اگر ججز نے ایجاد کی منظوری دے دی تو وزارت اس کی تکمیل و ترویج کے لیے 100 فیصد سرمایہ کاری کرے گی۔چاند پر پاکستانی کو بھیجنے کے پراجیکٹ کے حوالے سے انہوںنے کہاکہ بنیادی طور پر یہ پاک فضائیہ اور سپارکو کا پراجیکٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں چاند پہ جانے والوں کا انتخاب فضائیہ کرتی ہے، 99.9 فیصد چاند پہ جانے والے لڑاکا طیاروں کے پائلٹ ہوتے ہیں کیونکہ ان کی تربیت زیادہ سخت ہوتی ہے جبکہ خلا میں جانے کے لیے تربیت نسبتاً آسان ہوتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ ذاتی طور پر مجھے چاند پر جانے کا شوق نہیں ہے۔قمری کلینڈر کے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولوی صاحبان ہر بات پر لڑتے رہتے ہیں اس لیے ہم نے بھی اپنا حصہ ڈال لیا۔ذاتی زندگی کے بارے میں انہوںنے کہاکہ جلد غصے میں نہیں آتا اور بچوں پر تو بالکل بھی غصہ نہیں کرتا۔عید کے بارے میں انہوںنے کہاکہ یہ بہت مصروف دن ہوتے ہیں، گھر والوں کا صدا کا گلہ ہے کہ انہیں وقت نہیں دیتا۔ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے بتایا کہ مجھے کھانے میں آلو گوشت پسند ہے لیکن بنانا صرف انڈہ ہی آتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ بیباکی کبھی کبھی بہت مہنگی بھی پڑ جاتی ہے، وزیراعظم سے بھی یہ بات شیئر کر رکھی ہے کہ جو دل میں ہے وہی منہ پر ہوتا ہے۔خود پہ بننے والی میمز کے بارے میں انہوںنے کہاکہ یہ بہت مزاحیہ ہوتی ہیں اور وہ ان سے بہت لطف اندوز ہوتے ہیں۔ وزارت اطلاعات کے متعلق انہوںنے کہاکہ یہ ایک مشکل شعبہ ہے کیونکہ وزیراعظم خود اس میں بہت گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور اس انہیں اس سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں۔میڈیا کے بارے یں فواد چوہدری نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت خطرناک چیز ہے، اس میں اچھے ہونے پر بہت شہرت ملتی ہے جبکہ برے ہونے پر بہت گالیاں بھی پڑتی ہیں۔اس سوال کے جواب پر کہ کیا آپ اچھے سیاستدان ہیں، وکیل، ہیں، والد، شوہر یا بیٹی انہوں نے مسکرا کر جواب دیا کہ میں ایک اچھا پیکج ہوں۔

نئے پاکستان میں لائی جانے والی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق ہم برآمدات کو بڑھانے اور درآمدات کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے آئندہ پراجیکٹس کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہلم میں 200 ایکڑ اراضی پر ہربل میڈیسن پارک بنا رہے ہیں، ہم وہیں پہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی شراکت سے بائیو ٹیکنالوجی پارک بھی بنانا چاہتے ہیں۔ فواد چوہدری نے بتایا کہ ٹیکنالوجی اور ایگریکلچر، واٹر ٹیکنالوجی اِن ایجوکیشن، بائیو ٹیکنالوجی اور فیوچر ٹیکنالوجی پر پانچ ٹاسک فورسز بنائی گئی ہیں، ان کی تمام ریسرچ اکٹھا کر کے آگے لے کر جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ اگر آپ سیاست میں دلچسپی نہیں لیتے تو آپ ان لوگوں کو خود پر حکومت کرنے کا موقع دیتے ہیں جنہیں آپ پسند نہیں کرتے لہٰذا سیاست میں دلچسپی لازماً رکھنی چاہیے۔انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ برفانی تیندوے کو مت ماریں، اس نسل کا وجود خطرے میں ہے اس کی نسل کشی کو روکیں۔

FOLLOW US