جموں (ویب ڈیسک ) آزاد جموں کشمیر میں بارش کے بعد ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ضلع پونچھ کے ایک گاؤں میں تین گھر بہہ گئے اور کم ازکم 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔ضلع پونچھ کی سب ڈویژن ہجیرہ کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) راجا پرویز حمید کا کہنا تھا کہ پوتھی چپریان ہلوٹی گاؤں میں صبح سویرے لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا جہاں
قریب سے زیر تعمیر ہائیڈرو پاور منصوبے کے لیے پانی کا چینل بھی گزرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شدید بارش کے باعث پانی کا چینل بھر گیا تھا جو پہاڑی علاقے میں واقع گاؤں میں لینڈ سلائیڈنگ کا باعث بن گیا اور گاؤں کے تین گھروں کو بہا کر لے گیا۔راجا پرویز حمید کا کہنا تھا کہ یہ تینوں گھروں کے مالکان آپس میں بھائی تھے اور تینوں گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں۔مقامی افراد نے جائے وقوع پر پہنچ کر اپنی مدد آپ کے تحت پھنسے ہوئے افراد کو نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔ایس ایچ او کے مطابق 50 سالہ خاتون زبیدہ اور ان کے بچوں ظہیر، انعم، ملائیکا، طیبہ اور لائبہ کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا تاہم زبیدہ کو شدید زخم آئے ہیں جبکہ ان کے بچوں کو معمول زخم لگے ہیں اور انہیں طبی امداد کے لیے ضلعی ہیڈکوارٹرز ہسپتال راولاکوٹ منتقل کردیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گاؤں کے رہائشی راج محمد کے گھر سے ان کی 40 سالہ اہلیہ ثوبیا اور بیٹیاں 11 سالہ تسمیہ، 9 سالہ علیشہ، 7 سالہ اسما اور 4 سالہ مہہ جبین کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔راجا پرویز حمید کے مطابق اسی گھر سے راج محمد کے 18 سالہ بھتیجے شعیب مقصود کی لاش بھی ملی ہے اور امدادی
رضاکاروں نے تلاش کے بعد ملبے سے راج محمد کی ڈیڑھ سالہ بچی کی لاش بھی برآمد کرلی۔علاقے میں شدید بارش کے باعث سڑکوں کی حالت انتہائی خراب ہوچکی ہے جس کے باعث امدادی کارروائیوں کے لیے بھاری مشینری پہنچانے میں رکاوٹیں ہیں۔ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ ‘ہم امدادی کام بیلچے اور دیگر اوزاروں کی مدد سے کررہے ہیں’۔راجا پرویز حمید کے مطابق پونچھ کے ڈپٹی کمشنر مرزا ارشد محمود، ایس ایس پی ذوالقرنین سرفراز اور فوج کے مقامی کمانڈر بھی جائے وقوع پر موجود تھے اور امدادی کاموں کی نگرانی کی۔آزاد جموں کشمیر کی انتظامیہ کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ مظفر آباد، نیلم، جہلم ویلی، پونچھ اور حویلی اضلاع میں رواں برس بارش کے باعث کم ازکم 43 افراد جاں بحق اور 20 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔