لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی نائب صد ر مریم نواز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک ادارے کے سربراہ نے انھیں فون کال کرکے جال میں پھنسانے کی کوشش کی ۔ اور وہ اس بارے میں باضابطہ خط لکھنے والی ہیں۔ ماڈل ٹاون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز کا کہناتھا کہ انہیں جاوید ہاشمی کی موجودگی میں ایک ادارے کے سربراہ کی فون کال آئی۔’میرے آپریٹر کو رائیونڈ کے نمبر پر کال آئی جو مجھے ٹرانسفر ہوئی تو ایک آدمی نے کہا کہ میں فلاں ادارے کے سربراہ کا پی اے بات کر رہا ہوں، آپ سر سے بات کریں، میں نے اس سے بات کی تو مجھے اندازہ ہوگیا کہ وہ بندہ جھوٹ بول رہا ہے، میں نے ان سے کہا کہ آپ جھوٹ بول رہے ہیں تو انہوں نے فون کاٹ دیا۔‘مریم نواز نے صحافیوں سے کہا کہ وہ یہ بات میڈیا کے علم میں لانا چاہتی ہیں کہ کس طرح کی گندی گیمز شروع ہوچکی ہیں۔ ’ فون کی دوسری طرف موجود صاحب مجھے باتوں میں الجھانے کی کوشش کر رہے تھے ، یہ ایک جال لگ رہا تھا۔‘مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ وہ اس فون کال کے معاملے پر اس ادارے کے سربراہ کو باضابطہ خط لکھیں گی یا ان کے آفس میں شکایت درج کرائیں گی اور بتائیں گی کہ کیا باتیں ان سے منسوب کرکے کی گئیں۔