Tuesday February 25, 2025

بھارت سی پیک کو روکنے کےلئے گلگت بلتستان اور بلوچستان میں کون سے مسائل کھڑے کر سکتا ہے نجم سیٹھی نے انتہائی تشویشناک پیشگوئی کردی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف ملکی صحافی اور تجزیہ کار نجم سیٹھی نے انکشاف کیا ہے کہ امریکہ نے ایران کو معاشی طور پر مفلوج کرنے کےلئے تمام پابندیاں لگائی ہیں لیکن بھارت کی خواہش پر ایران کو چاہ بہار بندرگاہ کے حوالے سے پابندیوں سے مستثنیٰ کیا گیا ہے۔ یہی افغانستان کی بھی خواہش تھی کہ بھارت کو افغانستان تک مصنوعات کی رسائی کےلئے چاہ بہار بندرگاہ کا بھی راستہ فراہم کیا جائے۔ پاکستان سمجھتا ہے کہ چاہ بہار بندرگاہ ہماری گوادرکی بندرگاہ کےلئے بڑا

خطرہ ہے اور ہماری کوشش ہو گی کہ اسے کامیاب نہ ہونے دیا جائے۔گویا بھارت کے ان دونوں ملکوں سے تعلقات اچھے ہیں اور پاک افغان تعلقات میں مسائل تو ہیں ہی ۔ہمیں ایران کے ساتھ بھی ناخوشگوار تعلقات کا سامنا ہے۔بھارت پاکستان کو ان محاذوں پر بھی ٹف ٹائم دینا چاہتا ہے اس لیے پاکستان کو چوکنا رہنا ہوگا۔امریکہ نے چین کے ساتھ مخاصمت کی بناپر ایف اے ٹی ایف میں بھارت کو ایشیا پیسفک کا سربراہ بنا دیا۔بھارت چین کو روکنے اور سی پیک کو ناکام بنانے کےلئے گلگت بلتستان اور بلوچستان میں مسائل پیدا کر سکتاہے اور پہلے ہی ان دونوں علاقوں میں مسائل پیدا کیے جا رہے ہیں ۔پاکستان نے درخواست کی کہ بھارت کو سربراہی سے ہٹایاجائے تو امریکہ اور برطانیہ نے صاف انکار کر دیا۔اب صورتحال یہ ہے کہ ہم اپنی سفارشات ان ڈیسکوں پر لے جاتے پھر رہے ہیں جن کے سربراہ بھارتی ہیں۔