لندن(آئی این پی)قومی ٹیم کے کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ فاسٹ باولر محمد عامر ٹریننگ سیشن میں کافی اچھی باولنگ کر رہے ہیں اور مجھے امید ہے کہ انگلینڈ کے خلاف کھیلی جانے والی سیریز میں بہتر کارکردگی دکھا کر ورلڈکپ کیلئے ٹیم میں منتخب ہو سکتے ہیں۔انگلینڈ میں موجود قومی ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے بیکہم کاؤنٹی کرکٹ گراؤنڈ میں ایک
انٹرویو کے دوران کہا کہ ٹریننگ سے مطمئن ہوں اور کاونٹی کرکٹ کے ساتھ میچ میں مزید ٹریننگ کا موقع میسر آئے گا۔کوچ کا کہنا تھا کہ پچھلے کچھ مہینوں سے ہم متواتر کرکٹ کھیلتے آ رہے ہیں جس کا ہمیں فائدہ بھی ہوا ہے۔ کھلاڑی یہاں بیٹنگ، باولنگ اور فیلڈنگ میں زبردست مشقیں کر رہے ہیں۔کوچ کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے پاس ٹیم میں بہترین باولنگ آپشن موجود ہیں اور دوسری طرف دو سپنر بھی ٹیم کے لیے فائدہ مند ہو سکتے ہیں۔ یاسر شاہ اور عماد وسیم سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہیں۔کوچ کا مزید کہنا تھا کہ گرین شرٹس کسی بھی ٹیم کو سرپرائز دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس وقت پاکستانی بیٹنگ لائن میں بہترین بلے باز موجود ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ ورلڈکپ سے قبل کیسے شروعات کرنی ہے۔ ہم نے دورہ انگلینڈ اور ورلڈکپ کے لیے لاہور میں تربیتی کیمپ لگایا جس میں زبردست ٹریننگ کی گئی۔انٹرویو کے دوران مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ بیٹسمین بابر اعظم ہماری ٹیم میں ریڑھ کی حیثیت رکھتے ہیں اور تواتر کے ساتھ رنز بنا رہے ہیں۔









