بھارت کے امیر ترین آدمی مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی، لیکن دلہن کس معروف شخصیت کی بیٹی ہے،جانیں
نئی دہلی(ویب ڈیسک) چند ہفتے قبل بھارت کے امیر ترین اور دنیا کے 13ویں امیر ترین شخص مکیش امبانی کی بیٹی ایشیا امبانی کی شادی ہوئی جس کی تصاویر اور ویڈیوز نے کئی دن تک سوشل میڈیا پر ہلچل مچائے رکھی اور اب ان کے بیٹے آکاش امبانی کی شادی کی چکاچوند لوگو ں کی نظروں کو خیرہ کر رہی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق آکاش امبانی کی گزشتہ روز ان کی منگیتر شولکا مہتا سے شادی انجام پائی جس پر مبینہ طور پر 1کروڑ 20لاکھ پاؤنڈ (تقریباً2ارب 18کروڑ29لاکھ روپے) خرچ ہوئے۔شولکا مہتا ہیروں کے بہت بڑے تاجر رسل مہتا کی بیٹی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق آکاش اور شولکا کی شادی میں سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر اور ان کی اہلیہ چیئری بلیئر نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر چیئری نے روایتی بھارتی لباس زیب تن کیا۔ ان کے علاوہ مہمانوں میں پریانکا چوپڑا، سچن ٹنڈولکر اور ان کی اہلیہ انجلی ٹنڈولکر، اداکار عامر خان اور ان کی اہلیہ کرن راؤ، رنبیر کپور، شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان، گوگل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر برینڈن پیچائی اور ان کی اہلیہ انجلی، بینک آف امریکہ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بریان ٹی مونیہن، ابھیشک بچن اور ان کی اہلیہ ایشوریا رائے بچن، اقوام متحدہ کے سابق جنرل سیکرٹری بان کی مون اور ان کی اہلیہ ژو سون تیک سمیت دیگر بھارتی و عالمی شخصیات نے شرکت کی۔اس شادی کی پری ویڈنگ پارٹی سوئٹزرلینڈ میں ہوئی جس میں کولڈ پلے، دی چین سموکرز اور میرون جیسے عالمی شہرت یافتہ بینڈز اور سنگرز نے پرفارم کیا۔ اس تقریب میں 500سے زائد مہمان شریک ہوئے۔ ان کے لیے جو ہوٹل بک کروایا گیا تھا اس کے سب سے سستے کمرے کا ایک رات کا کرایہ 1100پاؤنڈ (تقریباً2لاکھ روپے) ہے۔اس تقریب میں بھی پریانکا چوپڑا، سدھارتھ ملہوترا، کرینہ کپور، کیارا ایڈوانی اور دیگر بالی ووڈ ستاروں سمیت سینکڑوں بھارتی و عالمی شخصیات شریک ہوئی تھیں۔