ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک )زنجیر، یارانہ اور انٹی نمبر ون جیسی بے شمار فلموں میں اداکاری کرنے والے ویٹرن اداکارہ ستیش کول کو کھانے کے لالے پڑگئے۔ تین سو سے زائد فلموں میں اپنی اداکاری کا لوہا منوانے والے معروف اداکار ستیش کول ان دنوں ایک ہسپتال میں موت اور زندگی کی جنگ لڑرہے ہیں۔ ستیش کول 8 ستمبر 1954 کو کشمیر میں پیدا ہوئے انہوں نے
300 سے زائد پنجابی اور ہندی فلموں میں کام کیا۔ انہیں پنجابی فلموں کا امیتابھ بچن کہا جاتا ہے۔ انہوں نے بولی وڈ کے لیجنڈ دلیپ کمار، دیو آنند اور شاہ رخ خان جیسے اداکاروں کے ساتھ بھی کام کیا۔ اپنے عروج پر کروڑوں کی کمائی کرنے کے باوجود آج وہ بھکاریوں سے بھی بدتر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ستیش کول نے اداکاری کا آغاز لدھیانا کے ایک اسکول سے کیا۔ ان کی بیوی نے انہیں طلاق دے کر اپنے بیٹوں کے ساتھ امریکا میں رہائش اختیار کی جس کے بعد برے وقت کا آغاز ہوا یہاں تک کہ ان کے پاس کھانے کو بھی کچھ نہ بچا۔ اطلاعات کے مطابق وہ ابھی ایک اسپتال میں ہیں جہاں وہ اپنے میڈیکل بِل کی ادائیگی کی بھی سکت نہیں رکھتے۔ انہیں پنجابی سینما میں خدمات کے لئے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ ان کا شمار کامیاب ترین علاقائی اداکاروں میں ہوتا ہے۔ تاہم ان کا اس حالت کو پہنچ جانا انتہائی افسوسناک ہے۔