ممبئی میں ہونے والے لیکمی فیشن ویک میں جہاں شاہد کپور نے اپنی اہلیہ میرا راجپوت کے ساتھ ریمپ پر واک کرکے تعریفیں بٹوریں، وہیں بولی وڈ بے بو کرینہ کپور نے ریمپ پر واک کے لیے شوہر کے بجائے بہن کا انتخاب کیا۔ لیکمی فیشن ویک کا آغاز 31 جنوری کو ہوا جو 4 فروری تک جاری رہا، جس میں متعدد اداکاراؤں، اداکاروں، اسپورٹس پرسنلٹیز، فلم
پروڈیوسرز، فلم سازوں، ماڈلز و فیشن ڈزائنرز نے جلوے بکھیرے۔ لیکمی فیشن شو میں جہاں شاہد کپور نے اپنی اہلیہ میرا راجپوت کے ساتھ ریمپ پر واک کی، وہیں سیف علی خان اور ان کی اہلیہ کرینہ کپور الگ الگ واک کرتے نظر آئے۔ طویل عرصے کے بعد فیشن شو میں واپسی پر کرینہ کپور کے چرچے رہے، جب کہ ان کے شوہر سیف علی خان کے حصے میں کوئی خاص شہرت نہ آئی۔کرینہ کپور نے انامیکا کھنہ کے سیاہ لباس کو زیب تن کرکے کیٹ واک کی، اور فیشن شو کو چار چاند لگادیے۔ کرشمہ کپور نے فیشن برانڈ ’آر بی‘ اور فیشن ڈزائنر روی بھلوہترا کے لباس کی نمائش کی۔ اگرچہ دونوں بہنوں نے الگ الگ کیٹ واک کی، تاہم انہوں نے ایک ساتھ ریمپ پر واک کرکے اور فوٹو شوٹ کرواکے فیشن شو کا میلہ لوٹ لیا۔ دوسری جانب سیف علی خان نے نیکشا ایکسپیرنس کے لباس کی نمائش کی۔فیشن شو کے آخری روز کنگنا رناوٹ، نیہا دھوپیا، کترینہ کیف کی بہن ایزابیل کیف، سشمیتا سین اور بپاشو باسو کے شوہر کرن سنگھ گروور نے بھی جلوے بکھیرے۔