دبئی (نیوزڈیسک) ایشیا کپ میں شرمناک کارکردگی دکھانے پر شائقین کرکٹ کا سرفراز احمد کو کپتانی چھوڑنے کا مشورہ ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے دلبرداشتہ کپتان سرفراز احمد نے انکشاف کیا ہے کہ ایشیاءکپ میں ٹیم کی انتہائی ناقص کارکردگی کے باعث وہ گزشتہ 6 راتوں سے سو نہیں سکے۔ایشیاءکپ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی مجموعی طور پر انتہائی
ناقص رہی اور سپرفورمرحلے کے اہم ترین میچ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی جس پر ناصرف پاکستانی شائقین کرکٹ بلکہ سابق کرکٹرز بھی سیخ پا ہیں اور ٹیم پر خوب تنقید کی جا رہی ہے۔سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ جب آپ کارکردگی نہیں دکھائے تو دباؤ بڑھتا ہے، اور اگر میں یہ کہوں کہ میں 6 راتوں سے سو نہیں سکا تو کوئی بھی اس بات کو تسلیم نہیں کر ےگا۔ اگر ہم پورے ایشیاءکپ کی بات کریں تو ہم نے کسی بھی شعبے میں اچھی کارکردگی نہیں دکھائی، بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں باؤلنگ اچھی ہوئی تو بلے باز ناکام ہو گئے۔کپتان کا کہنا تھا کہ ہمیں ہنگامی اقدامات کی ضرورت نہیں اور بڑی تبدیلیوں سے بھی فرق نہیں پڑے گا، میری اپنی کارکردگی بھی اچھی نہیں اور ہمیں تمام خامیوں پر قابو پانا ہے۔ ہم نے ابھی بہت ساری سیریز کھیلنی ہیں جن میں مختلف ٹیم کمبی نیشن بنانے کی کوشش کی جائے گی تاکہ ورلڈکپ سے پہلے کارکردگی بہتر بنائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یقینا اپنی بیٹنگ پر کام کرنا ہو گا اور امید ہے کہ آنے والی سیریز میں معاملات بہتر ہوں گے۔ قومی ٹیم کا اعتماد کھونا بہت خطرناک ہے، ہم پر بہت دباؤ تھا اور ہم اس سے نکلنے میں ناکام ہو گئے۔ ٹیم میں ٹیلنٹ بھی ہے اور کچھ کر دکھانے کا حوصلہ بھی، لہٰذا ہمیں تنقید کرنے کے بجائے کھلاڑیوں کو بہتری لانے کی تاکید کرنا ہو گی۔تاہم قومی ٹیم کے کپتان نے کپتانی چھوڑنے یا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے بارے کو ئی فیصلہ نہیں کیا۔