اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان کی جانب سے گزشتہ روز کراچی میں ڈیمز فنڈز ریزنگ کے حوالے سے تقریب کے دوران بنگالیوں اور افغانوں کو شناختی کارڈز اور پاسپورٹس کے اجرا کے بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ وزیراعظم عمران خان کے اس فیصلے پر جہاں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے اس فیصلے کی
مخالفت کی وہیں عوام نے بھی وزیراعظم عمران خان کے اس فیصلے پر شدید رد عمل کا اظہار کیا۔وزیراعظم عمران خان کے اس اعلان پر صوبائی وزیربلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ وزیراعظم کے غیرملکیوں کوشناختی کارڈ دینے کے اعلان کی مذمت کرتے ہیں۔عمران خان کوبنگالیوں کا دُکھ ہوتا تو ان کے لیے بنی گالہ کے دروازے کھول دیتے۔ سعید غنی نے کہا کہ ہمیں پاکستانی بنگالیوں کی شناختی کارڈ کی مشکلات کو دور کرنے پر اعتراض نہیں ہے۔ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو شہریت دینے پر شدید اعتراض ہے ، ان کی رجسٹریشن ہونی چاہئیے ,اگر وہ کام کررہے ہیں تو اس کی اجازت دینے کا راستہ تلاش کرنا چاہئیے لیکن پاکستانی شہریت دینے سے مسائل پیدا ہوں گےوزیراعظم عمران خان کے اس اعلان پر ٹویٹر پر بھی شدید رد عمل دیکھنے میں آیا، ٹویٹر صارف کا کہنا تھا کہ غیر قانونی مہاجرین کو گرفتار کیوں نہیں کیا جاتا ؟ پولیس کو ہدایات جاری کی جانی چاہئیں کہ ان سے رشوت لینے کی بجائے انہیں گرفتار ملک بدر کریں بصورت دیگر نتائج کے لیے تیار رہیں
