اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایوانِ صدر میں سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جمہوریت کا تسلسل جاری رہے گا۔تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت کی تقریبِ حلف برداری کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمہوری نظام کے تسلسل کے لیے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جمہوریت فروغ پا رہی ہے۔جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ملک میں جمہوری اقدار میں بھی مزید استحکام آئے گا، ملک میں جمہوریت مزید
نمو پائے گی۔پاک فوج کے سربراہ نے نئے صدر کی تقریبِ حلف برداری کے بعد کہا کہ یہ تقریب جمہوریت کے تسلسل کی علامت ہے۔ انھوں نے حلف برداری کو اہم موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ جمہوری عمل کا تسلسل قابلِ تعریف ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی وزیرِ خارجہ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ پاکستان کو عالمی تنازعات کے باعث بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے، ہم ملک میں امن و استحکام کے لیے کوششوں سے اپنا مقام حاصل کریں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ امن و استحکام کے لیے کوششوں سے اپنا مقام حاصل کریں گے، پاکستان کو عالمی تنازعات کے باعث بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی وزیر خارجہ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور دو طرفہ تعاون سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاکستان کی مکمل سپورٹ کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا، ملاقات میں چینی وزیر خارجہ کے ہمراہ چینی سفیر بھی موجود تھے۔چینی وزیر خارجہ نے سی پیک میں چینی شہریوں کو سیکیورٹی فراہم کرنے پر پاک فوج کو سراہا، انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں۔