لاہور (ویب ڈیسک) سینئر تجزیہ کار مجیب الرحمن شامی نے کہاہے کہ اعتزاز احسن کی جانب سے چارو ں ملٹری صدور کو صدرنہ کہنا ایک لطیفہ ہی ہو سکتاہے ، عارف علوی توقع کے عین مطابق منتخب ہوئے ہیں۔نجی ٹی وی کے پروگرام ”نقطہ نظر “ میں گفتگو کرتے ہوئے مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ عارف علوی توقع کے عین مطابق صدر منتخب ہوئے ہیں اور ہم اس حوالے سے ان کو روز مبارکباد پیش کرتے رہے ہیں،اعزاز احسن کا چاروں ملٹری صدور کو صدر نہ کہنا ایک لطیفہ ہی ہو سکتاہے ۔ملٹری صدور کا انتخاب بھی
وقت کے مطابق اسمبلی کی توثیق یا ریفرنڈم کے ذریعے کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ صدر کو پہلے صر ف قومی اسمبلی منتخب کرتی تھی پھر سینٹ بھی اس عمل میں شامل ہوگیا اور ضیاءالحق نے اس عمل میں صوبائی اسمبلیوں کو بھی شامل کرلیا تاکہ صدر کی وزیر اعظم سے مونچھ اونچی رہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عارف علوی ایک ذی فہم آدمی ہیں اور اچھے صدر ثابت ہونگے ۔اب ایسا نہیں ہوگا جیسے صدر ممنون حسین کے ساتھ ہوتا تھا ۔ عارف علوی کو تھوڑی بہت سپیس دی جائیگی ۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی پاکستان کے 13ویں صدر منتخب ہوگئے۔ صدر مملکت کے لیے تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی، پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن اور 4 اپوزیشن جماعتوں (مسلم لیگ (ن)، عوامی نیشنل پارٹی، متحدہ مجلس عمل اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی) کے مشترکہ امیدوار مولانا فضل الرحمان کے درمیان مقابلہ تھا۔صدارتی انتخاب کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں صبح 10 بجے پولنگ شروع ہوئی جو بلاتعطل شام 4 بجے تک جاری رہی۔پارلیمنٹ میں پولنگ کے دوران 432 میں سے 424 ووٹ کاسٹ ہوئے اور 6 ووٹ مسترد اور دو ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کیا، عارف علوی نے 212،
مولانا فضل الرحمان نے 131 اور اعتزاز احسن نے 81 ووٹ حاصل کیے۔ پنجاب اسمبلی میں 354 میں سے 351 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیا جب کہ سندھ اسمبلی میں 163 میں سے 158 ووٹ کاسٹ ہوئے۔