Saturday October 19, 2024

تحریک انصاف کیلئے حکومت سازی میں مشکلات، عمران خان کے فیصلے کیخلاف بڑی بغاوت ہو گئی

پشاور (نیوزڈیسک) اقتدار سنبھالنے کے بعد تحریک انصاف میں پہلی بڑی بغاوت، رکن خیبر پختونخوا اسمبلی شاہ محمد وزیر نے پارٹی فیصلے سے بغاوت کرتے ہوئے وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ کا عہدہ لینے سے انکار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کو بڑی بغاوت کا سامنا کرنا پڑ گیا ہے۔ تحریک انصاف نے 25 جولائی کے

انتخابات میں جہاں وفاق اور پنجاب میں فتح حاصل کی، وہیں خیبرپختونخواہ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے مسلسل دوسری مرتبہ انتخابات ناصرف جیتے، بلکہ 2 تہائی اکثریت بھی حاصل کی۔تاہم اتنی شاندار فتح کے باوجود تحریک انصاف صوبے کی کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے اختلافات کا شکار ہے۔ وزارتوں کی تقسیم کے معاملے میں تحریک انصاف کے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی شاہ محمد وزیر نے پارٹی فیصلے سے بغاوت کرتے ہوئے وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ کا عہدہ لینے سے انکار کردیا ہے۔شاہ محمد وزیر کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں وہ سب سے سینئیر ہیں، اس لیے کوئی چھوٹا عہدہ نہیں لیں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے سوات کے ایم پی اے کو وزارت اعلیٰ کاعہدہ دیا گیا، ہزارہ کو اسپیکرشپ سمیت تمام اہم عہدے دیے گئے جبکہ دوسری جانب جنوبی اضلاع کو مخصوص سیٹوں میں بھی نظر انداز کیا گیا ہے۔ شاہ محمد وزیر نے پارٹی کو خبردار کیا کہ بنوں میں این اے 35 کی سیٹ خطرے میں ہے۔ ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے ہاتھ سے نکل سکتی ہے۔ واضح رہے کہ این اے 35 پر عمران خان نے ایم ایم اے کے امیدوار اکرم خان درانی کو تاریخی شکست دی تھی۔ تاہم بعد ازاں عمران خان نے بنوں کی نشست چھوڑ دی تھی جس پر اب ضمنی انتخاب ہوگا۔ ضمنی انتخاب ممکنہ طور پر اکتوبر میں ہوگا۔

FOLLOW US