مانسہرہ(نیوزڈیسک) عیدالاضحٰی کے موقع پر اوگی کے صحت افزا مقام پنجہ گلی کی جانب ہزاروں سیاحوں نے رخ کیا، سیاح پنجہ گلی کے خوشگوار موسم اور دلفریب نظاروں کے ساتھ ساتھ وہاں مقامی فنکاروں کی موسیقی کی محفلوں سے خوب لطف اندوز ہوتے رہے۔ پنجہ گلی تک اوگی۔شنگلی بانڈی سڑک پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی لائنیں لگی رہیں،
بہت سارے نوجوان اپنے ساتھ کھانے پینے کا سامان لے کر گئے تھے، وہاں پہنچ کر یہ لوگ خود ہی پنجہ گلی کے گھنے جنگل میں اپنے لئے کھانے تیار کرتے رہے۔سیاحوں نے پنجہ گلی کو خوبصورت اور قدرتی حسن سے مالا مال مقام قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی حکومت پنجہ گلی سے چھڑ جرگو ڈب مچے سر اور اوگی سے براستہ شہتوت اور براستہ چھڑ جرگو ڈب تک پختہ سڑکیں بنا لے تو یہ پوراعلاقہ سیاحوں کی جنت بن سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحصیل اوگی میں سیاحت کے فروغ کیلئے سابق صوبائی حکومت نے کچھ بھی نہیں کیا جس کی وجہ سے یہاں کے قدرتی حسن سے مالا مال علاقہ جات سیاحوں کی نظروں سے ابھی تک اوجھل ہیں۔