اسلام آباد (نیوزڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے دو نئے چینل شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس مقصد کیلئے عوام سے رائے طلب کی ہے۔فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا ”ہم نے پی ٹی وی کے دو نئے چینل شروع کرنے کا فیصلہ
کیا ہے، ایک چینل پر کرکٹ کے علاوہ تمام کھیلوں کی نشریات دکھائی جائیںگی جبکہ پی ٹی وی سپورٹس کو پی ٹی وی کرکٹ میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ 16 سال سے کم عمر کے بچوں کیلئے بھی ایک چینل شروع کیا جائے گا۔۔۔ آپ کی جانب سے ملنے والی تجاویز پر خوشی ہو گی۔“اس سے قبل نجی ٹی وی کے مطابق بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی مشاورت سے حکومت نے 2نئے سرکاری ٹی وی چینل کھولنے کافیصلہ کیا ہے،ایک سپورٹس چینل ہو گا جو کرکٹ کے علاوہ تمام کھیل دکھائے گا،پی ٹی وی سپورٹس کو پی ٹی وی کرکٹ کا درجہ دیاجائےگا،کیوں کہ ہم نے یہ دیکھا ہے کہ اس حوالے سے کسی بھی حکومت نے کوئی اقدام نہیں کیا ،ایک اور بات جو کہ بہت اہم ہے وہ یہ کہ ہم ایک نیاچینل صرف 16 سال سے کم عمربچوں کیلئے لے کر آرہے ہیں جس پر بچوں کے پروگرام ہوں گے کیوں کہ ہمارے بچے انڈیا اور جاپان کے ڈب شدہ کارٹون دیکھ کر وہا ں کی زبان استعمال کر رہے ہیں جو کہ بالکل صحیح نہیں ،ہمیں اپنے بچوں کو پاکستان کے اچھے اور مہذب کارٹون دکھانے ہوںگے۔