لاہور (نیوزڈیسک)پاکستان تحر یک انصاف کے سینئر مرکز ی رہنما اعجازاحمد چوہدری نے عمران خان کے وزیر اعظم منتخب ہونے پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کو عمران خان کی قیادت میں امید کی کرن نظر آئی ہے جس پر وہ پورا اتریں گے،عمران خان کے وزیراعظم بننے سے عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بہتر ہو گا،سابقہ
حکومتوں کی نااہلی، بیروزگاری، مہنگائی، توانائی بحران اور تعلیم و صحت کی ناقص صورت حال ہمارے لئے کسی چیلنج سے کم نہیں، پی ٹی آئی قانون کی حکمرانی، معاشی عدل اور انسانی مساوات کا نظام لانے کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کرے گی ۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کہ آج ملک کا تاریخی دن ہے ،عمران خان وزیر اعظم منتخب ہو چکے ہیں ،یہ ان کی 22 سالہ جدوجہد اور ملک و قوم سے سچی محبت کا صلہ ہے،عمران خان اقتدار نہیں ہر شہری کو انصاف کی فراہمی کے مشن کی تکمیل چاہتے ہیں اور آئندہ5برسوں کے بعد کا پاکستان اسی تبدیلی سے مزین ہوگا جس میں شہریوں کو بلا تفریق اُن کے حقوق دیے جائیں گے اور کوئی کسی کا حق نہیں مار سکے گا۔انہوں نے کہا کہ اب ملک میں عمران خان کی قیادت میں کامیابیوں کا نیا سفر شروع ہوگا اور گزشتہ70برسوں کی ناکامیوں سے سبق حاصل کرتے ہوئے روائتی نظام میں تبدیلی لائیں گے اور آہنی عزم کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مسترد کردہ سیاستددان تحریک انصاف کے بارے میں بھی بدگمانیوں کا اظہار کر رہے ہیں اور 25جولائی کو عوامی اعتماد سے محروم ہونے والے اب ملک میں انتشار پھیلانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں،انتخابات میں دھاندلی کے متعلق اپوزیشن کا شور اور احتجاج بے وقت کی راگنی ہے، اقتدار کے پجاری احتساب سے بچنے کیلئے ایک مرتبہ پھر صف آرا ہورہے ہیں جن کو ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملنے والا، پاکستان کی غیور اور باشعور عوام نے انہیں مسترد کردیا ہے۔