اسلام آباد (نیوزڈیسک)مسلم لیگ ن کے صد ر شہبازشریف نے مطالبہ کیاہے کہ پارلیمانی کمیشن بنا کر الیکشن کا غیر جانبدار انہ آڈٹ کروایا جائے ، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے دھاندلی کے سوالوں کا جواب لے کر رہیں گے ، اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ سڑکوں کا رخ کریں گے ۔تفصیلات کے مطابق شہبازشریف نے ایوان میں
خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ کی بد ترین دھاندلی کے نتیجے میں یہ یہاں پہنچے ہیں،الیکشن کمیشن اپنی ذمے داری ادا کرنے میں ناکام رہا،پورے ملک میں دھاندلی زدہ الیکشن کا شورہے،الیکشن کمیشن مکمل ناکام ہوا ،کیسا الیکشن تھا رات 11 بجکر47منٹ پر آر ٹی ایس بند کر دیا گیا،پورے پاکستان میں پولنگ ایجنٹس کو نکال دیا گیا اور گنتی کی گئی،متعدد حلقے ایسے تھے جہاں مسترد ووٹوں کی تعداد جیت کے مارجن سے زیادہ تھی،کیساالیکشن تھا جس میں 16 لاکھ ووٹ مسترد ہوئے،کیسا الیکشن تھا جس کوپوری قوم نے مسترد کردیا؟یہ پہلا الیکشن ہے جہاں جیتنے والا بھی رورہا ہے اورہارنے والا بھی رورہا ہے،پارلیمانی کمیشن کے ذریعے انتخابی دھاندلی میں ملوث افراد کا پتا لگایا جائے،انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیشن بنایا جائے،اگرپاکستان میں خوشحالی چاہتے ہیں تودھاندلی کا پتہ لگانا ہوگا،میڈیاکو پولنگ سٹیشن میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی، فارم 45 کے بجائے پرچیوں پر نتائج دیے گئے،دیہاتوں کے نتائج پہلے آئے اور شہروں کے اڑتالیس گھنٹے تک نہ آئے، کیسا الیکشن تھا ایک سیاسی پارٹی کو نشانہ بنایاگیا، کیسا الیکشن تھا کہ 16 ہزار سے زائد کارکنوں کے خلاف پرچے کاٹے گئے،ہم ہنڈی کے ذریعے لوگوں کو پیسہ لانے کا مشورہ نہیں دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے دورحکومت میں 11ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگے ۔ ہم پارلیمنٹ پر حملے نہیں کریں گے ۔ سپریم کورٹ کے ججوں کو راستہ بدلنے پر مجبور نہیں کریں گے ۔ہم سوئی گیس اور بجلی کے بلوں کو آگ نہیں لگائیں گے ۔ نوازشر یف نے پاکستان کو امن کا گہوار ہ بنایا اور کراچی کا امن لوٹ آیا ۔ نواز شریف نے ملک میں امن کو قائم کیا ۔مہنگائی ختم کی ۔ انہوں نے کہا کوئی غلط فہمی میںنہ رہے دھاندلی کے سوالوں کا جواب لے کر رہیں گے ۔ انتخابی بے ضابطگیوں پر پارلیمانی کمیشن بنا کر الیکشن کا غیر جانبدارانہ آڈٹ کروایا جائے ۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ سڑکوں کا راستہ لیں گے ۔