Saturday October 26, 2024

نیا نظام : تحریک انصاف اور (ق) لیگ کے درمیان اہم معاملے پر اتفاق ۔۔۔۔ (ن) لیگ کی بچی کھچی نشانیاں بھی ختم کر دینے والی خبر آ گئی

لاہور(ویب ڈیسک )تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق میں پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام لانے پر اتفاق ہوا ہے ۔ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی کا شکریہ کہ انہوں نے حکومت سازی میں پی ٹی آئی کا ساتھ دیا، پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام لائیں گے ،

کوشش ہوگی اختیارات نچلی سطح تک منتقل کریں ، حکومت میں آکر شریف خاندان کے کارنامے بے نقاب کریں گے ،شہبازشریف غلط پالیسیوں کی وجہ سے ڈلیور نہیں کرسکے ، شریف خاندان نے اداروں کو کھو کھلا کردیا ، ہم اداروں کو کمزور نہیں مضبوط کرینگے ، پنجاب میں تاریخی کام کرکے دکھائیں گے ، جو منصوبے عوام کے لئے بہتر ہیں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرینگے ، پولیس اور دیگر اداروں میں ریفارمز لے کر آئیں گے ،شہباز شریف نے پنجاب کے اداروں کو ناکارہ کردیا ،ہر ادارے کا شفاف طریقے سے آڈٹ ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار جہانگیر ترین نے چوہدری پرویز الٰہی سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ملاقات میں چوہدری شجاعت، عبدالعلیم خان اور اسحاق خان خاکوانی، مونس الٰہی ، طارق بشیر چیمہ بھی شامل تھے ، جہانگیر ترین نے کہاکہ پنجاب میں ق لیگ اور پی ٹی آئی مل کر کام کرینگے ، پنجاب میں ایسی حکمرانی دینگے جو تاریخ میں نہیں ملتی،پنجاب میں سکولوں ہسپتالوں کے امور بہتر بنائیں گے ،اداروں کو مضبوط کرینگے ، شریفوں کی وفاق اور پنجاب میں چیزوں کو بے نقاب کرینگے ، اگر ہم سے کوئی غلطی ہوئی تو وہ بھی عوام سے نہیں چھپائیں گے ،

بلدیاتی کا نیا نظام لیکر آئیں گے جس کے لیے نیا قانون بنائیں گے ، جہانگیر ترین نے کہاکہ ق لیگ سے سپیکر ،ڈپٹی سپیکر اور وزیر اعلیٰ کے انتخاب پر مشاورت کی ہے ، بلدیاتی نظام میں شہباز شریف نے بلدیاتی نمائندوں کو کو ئی اختیار نہیں دیئے ۔انہوں نے کہاکہ ہماری نیت ٹھیک ہے اللہ ہماری مدد کریگا، پنجاب کے عوام کے لیے اچھا کام کرینگے ، جہانگیر ترین نے کہاکہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے لئے ن لیگ کے بہت سے ارکان رابطے میں ہیں ، وزیر اعلی پنجاب کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوااس کا فیصلہ چیئرمین عمران خان نے کرنا ہے ، شہباز شریف نے پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ کو جان بوجھ کے نہیں بنایا، جہانگیر ترین نے کہا کہ شہبازشریف نے پرویزالٰہی کے نام کی تختی والے منصوبوں کو بند کیا جبکہ 2002ء سے 2007ء تک جو کام پرویزالٰہی نے کیے آج تک نہیں ہوئے ۔ پرویز الٰہی نے کہاکہ شہباز شریف نے پنجاب کے اداروں کو برباد کیا ہے ، پنجاب کی معیشت کو بھی کمزور کردیا گیا ، ن لیگ کے منصوبوں سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا۔انہوں نے کہاکہ میں پنجاب میں سپیکر کا امیدوار ہوں اور وزیر اعلی کا فیصلہ عمران خان نے کرنا ہے ،

چھانگا مانگا اور طیارے کی سیاست میں زمین آسمان کا فرق ہے ، پرویزالٰہی نے کہاکہ علیم خان اچھے بھلے جوان آدمی ہیں ، مجھے تحریک انصاف کی جانب سے کوئی ٹارگٹ نہیں دیا گیا ، صوبے کے عوام کے لیے قانون سازی پر حزب اختلاف کو ساتھ لے کر چلنا ہے ، سانحہ ماڈل ٹاؤن کا خون شہباز شریف کا تعاقب کررہا ہے ابھی انہوں نے بھی جیل جانا ہے ۔ چودھری پرویزالٰہی نے میڈیا سے کہا کہ ملاقات میں آئندہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور باالخصوص لوکل باڈیز کے حوالے سے بات چیت ہوئی کہ نیا بلدیاتی نظام متعارف کروایا جائے گا۔ جہانگیر ترین، طارق بشیر چیمہ اور ہم خود 1983ء سے بلدیاتی نظام سے منسلک ہیں، شہبازشریف نے لوکل باڈیز سسٹم کو بری طرح تباہ کر دیا ہے ہم نئے نظام کے تحت اختیارات اور فنڈز کی تقسیم نچلی سطح پر لائیں گے ۔ شہبازشریف نے صوبے میں شیخ چلی جلسے منصوبے بنائے اور کام کئے اور مالی طور پر صوبہ کو برباد کر دیا، ہسپتالوں، ایجوکیشن ہر سطح پر تباہی مچائی، ہماری نیت، سوچ اور ارادے ٹھیک ہیں، حالات اب بہتر ہوں گے ، سپیکر شپ حاصل ہونے کے بعد میرا ٹارگٹ صوبے ، ملک اور عام آدمی کے مفاد کیلئے کام کرنا ہو گا۔

FOLLOW US