Saturday October 26, 2024

تحریک انصاف یا مسلم لیگ (ن) ۔۔۔۔پیپلز پارٹی پنجاب میں حکومت سازی کے معاملے پر کس کی حمایت کرے گی ؟ اعلان کر دیا گیا

لاہور( ویب ڈیسک ) پنجاب اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے مرکز میں اتحادی اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے پنجاب اسمبلی میں سپیکر ڈپٹی سپیکر اور وزیراعلی کیلئے نامزد کردہ امیدواروں کو ووٹ دینے کا قوی امکان ہے ۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پیپلز پارٹی سے سپیکر کے

صحافی شہزاد ملک اپنی ایک رپورٹ میں لکھتے ہیں۔۔۔ ووٹ کیلئے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار چودھری پرویز الٰہی خود جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود کے پاس گئے تھے لیکن چونکہ مرکز میں مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی کے امیدوار سید خورشید شاہ کوووٹ دے رہی ہے اس لئے پنجاب میں پیپلز پارٹی بھی جوابی طور پر مسلم لیگ(ن) کو ہی ووٹ د ینے کے فیصلے پر غور کررہی ہے ۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ (ن) لیگ ڈپٹی سپیکر کا عہدہ انہیں دیدے جس کیلئے دونوں جماعتوں کے مابین مشاورت کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے موجودہ سپیکر رانا اقبال ہی دوبارہ سپیکر کے امیدوار ہو سکتے ہیں اور یہ بھی ممکن ہے کہ ان کیساتھ پیپلز پارٹی کے جنوبی پنجاب سے تعلق والے کسی ایم پی اے کو امیدوار بنا دیا جائے۔دوسری جانب ایک اور خبر کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ کے بیشتر لوگوں سے ہماری بات چل رہی ہے اور ان کے کئی ارکان ہمارے امیدواروں کو ووٹ دیں گے۔لاہور میں تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین اور علیم خان نے مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں پنجاب اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ چوہدری صاحبان کاشکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ہماراساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ شریف برادران نے اداروں کو کھوکھلاکردیا ہے لیکن ہم اداروں کو کمزور نہیں مضبوط کریں گے اور پنجاب کے لیے بہترین نظام دیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ نیا قانون بنا کر بلدیاتی نظام لائیں گے اور نچلی سطح پر فنڈز کی تقسیم کا طریقہ بنائیں گے۔جہانگیر ترین نے کہا کہ (ن) لیگ کے بیشتر لوگوں سے ہماری بات چل رہی ہے اور ان کے کئی ارکان ہمارے امیدواروں کو ووٹ دیں گے۔چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ 10 سالوں میں شہباز شریف نے پنجاب کا بیڑا غرق کیا ہے اور کوئی ایسا ادارہ نہیں چھوڑا جسے برباد نہ کیا ہو۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے شیخ چلی کی طرح منصوبے بنائے جو دیرپا نہیں، قومی اور صوبائی مفاد میں قانون سازی کرنا ہمارا ٹارگٹ ہے۔یاد رہے کہ تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ (ق) وفاق اور صوبہ پنجاب میں اتحادی ہیں جب کہ پرویز الٰہی کو پنجاب اسمبلی میں اسپیکر بنائے جانے کا امکان ہے۔

FOLLOW US