لاہور(نیوزڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے غیرمشروط معافی مانگنے پر الیکشن کمیشن نے ازخود نوٹس واپس لے لیا، الیکشن کمیشن نے عمران خان کے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرازخود نوٹس لیا تھا،جس کے باعث عمران خان کے دوحلقوں کے انتخابی نتائج روک کرتین حلقوں کے مشروط نتائج جاری کردیے تھے۔ میڈیا
رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن حکام نے 4 انتخابی حلقوں سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کردیے ہیں ۔الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ عمران خان کی غیرمشروط معافی کے بعد ازخود نوٹس واپس لیا گیا ہے۔۔عمران خان کا پہلے تینوں حلقوں سے مشروط نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ جبکہ دو حلقوں این اے 131لاہوراور این اے 53اسلام آباد سے نوٹیفکیشن روک لیا گیا تھا۔تاہم اب سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد این اے 131لاہور سے کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔سپریم کورٹ نے گزشتہ روز خواجہ سعد رفیق کی دوبارہ گنتی کی درخواست پرلاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا تھا۔ اسی طرح عمران خان کے3 حلقوں سےکامیابی کےنوٹیفکیشن کلیئر کردیے گئے۔ عمران خان کو این اے35 بنوں،، این اے95 میانوالی، این اے243 کراچی سے بھی کامیاب قراردے دیا گیا ہے۔۔عمران خان کے خلاف اب صرف این اے 53 سے ووٹ کی رازداری کے معاملے پرنوٹیفکیشن رکا ہوا ہے۔واضح رہے سات اگست کو الیکشن کمیشن نے عمران خان کی 2 حلقوں سے کامیابی کا نوٹیفکیشن روک کرباقی تین حلقوں سے مشروط کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کیے تھے۔ ان حلقوں میں این اے بنوں 35، این اے 95، این اے 243 شامل ہیں۔ جبکہ عمران خان کی جانب سے اسلام آباد میں پولنگ اسٹیشن پرمیڈیا کے سامنے ووٹ کاسٹ پران کا این اے 53 کا نوٹیفکیشن روکا گیا تھا۔اسی طرح الیکشن کمیشن نے عدالت کے حکم پرلاہور سے این اے 131کا نوٹیفکیشن بھی روک لیا تھا۔ تاہم اب عمران خان کی جانب سے غیرمشروط معافی مانگنے پر الیکشن کمیشن نے ازخود نوٹس واپس لے لیا ہے اور ان کے پانچ حلقوں میں سے چار میں کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کردیے ہیں۔