Monday October 28, 2024

تحریک انصا ف کو اقتدار کب حوالے کیا جائیگا؟ تاریخ کا اعلان کر دیا گیا

اسلام آباد(نیوزڈیسک) نگران وفاقی وزیر اطلاعات بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 12 سے 14 اگست کے درمیان بلانے کی سمری بھجوا دی گئی، نومنتخب ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے، قائد ایوان کا انتخاب بھی کیا جائے گا۔۔اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر نے کہاکہ سیاسی بیانات آ رہے ہیں کہ الیکشن میں دھاندلی

 

ہوئی ہے، حکومت کا 5 سال کا مینڈیٹ ہے انہیں کام کرنے دینا چاہیے اور آگے کی طرف دیکھنا چاہیئے۔انہوں نے کہا جہاں قانون کے مطابق گنتی ضروری ہے وہاں ہونی چاہیئے، عمران خان نے بھی دوباری گنتی کرانے کے حوالے سے بیان دیا ہے-بیرسٹر علی ظفر نے مزید کہا کہ دوبارہ گنتی کرانے سے الیکشن سے متعلق خدشات ختم ہو جاتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس میں قائد ایوان کا انتخاب بھی کیا جائے گا، آئین کے تحت 15 اگست سے پہلے اسمبلی اجلاس بلانا لازمی ہے۔لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے کچھ مشکل اور سنجیدہ فیصلے کرنے ہونگے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ملک بھر کے ڈیڑھ لاکھ سے زائد فارم 45 ویب سائٹ پر جار کر دیئے۔فارم 45 اپ لوڈ کرنے کا فیصلہ سیاسی جماعتوں کے

 

اعتراضات کے بعد کیا گیا، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کا فارم عوام کے سامنے رکھا گیا۔خیال رہے گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں جیتنے والے قومی وصوبائی اسمبلیوں کے 815 امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کئے تھے جبکہ تحریک انصاف کے نامزد وزیر اعظم عمران خان کے دو حلقوں سمیت قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 26 نتائج روک لیے گئے۔تحریک انصا ف نے نتائج روکنے پر چیف جسٹس سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انتقال اقتدار کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال پیداکی جارہی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے مجموعی طور پر 841 حلقوں پر انتخابات ہوئے جن میں سے 815 کا نوٹیفکیشن جاری کیا جا چکا ہے۔ عدالتوں اور الیکشن کمیشن میں زیر سماعت مقدمات کے باعث کچھ حلقوں میں نوٹیفکیشن روکے گئے ہیں جبکہ کچھ فیصلے سے مشروط کر دیئے گئے ہیں۔

FOLLOW US