کراچی(ویب ڈیسک)گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے صدر پیر صبغت اللہ راشدی(پیر پگارا) نے جی ڈی اے کا اعلیٰ سطح ہنگامی اجلاس پیر کو (آج) شام 4بجے طلب کرلیا ہے،اجلاس نیشنل پیپلز پارٹی کے سربراہ اور جی ڈی اے کے سینئر رہنما غلام مرتضیٰ جتوئی کی رہائش پر منعقد ہوگا۔اجلاس میں عام انتخابات
میں ہونے والی مبینہ دھاندلی کے خلاف سندھ بھر میں شٹر ڈائون ہڑتال سمیت آئندہ کے لائحہ عمل طے کئے جائیں گے۔دوسری جانب مسلم لیگ نواز کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے الیکشن کمیشن میں این اے 249 کے الیکشن 2018 میں نتیجے کے خلاف درخواست دائر کردی گئی۔شہباز شریف نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ حلقے میں ووٹوں کی گنتی درست نہیں کی گئی۔شہباز شریف کی درخواست کے متن کے مطابق ریٹرننگ افسر کی جانب سے فارم 45 پر کانٹ چھانٹ کی گئی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ مسترد ووٹوں کے مقابلے میں جیتنے
والے کے ووٹوں کا فرق صرف چند سو کا ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن این اے 249 میں انتخابات کالعدم قرار دے اور امیدوار کی کامیابی کا نوٹی فیکیشن جاری نہ کیا جائے۔درخواست بیرسٹرظفراللہ کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی۔خیال رہے کہ این اے 249 میں شہباز شریف کو پی ٹی آئی کے فیصل واوڈا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے موصول ہونے والے نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی نے 35344 ووٹ حاصل کیے جبکہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب 34626 ووٹ ہی لے سکے۔