Wednesday October 30, 2024

تحریک انصاف نے اہم سنگ ِ میل عبور کر لیا، عمران خان کا وزیراعظم بننا یقینی ہو گیا

اسلام آباد(نیوزڈیسک)ترجمان پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن اپنے مطالبات تو سامنے لے کر آئے، الیکشن ہم نے نہیں کرائے بلکہ الیکشن کمیشن نے کرائے ہیں، جس کو بھی کوئی شکایت ہے ان سے جا کر کرے۔ ترجمان پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری نے نجی ٹی وی چینل’’ جیو نیوز‘‘ کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ الیکشن

کمیشن 7 اگست کو سرکاری نتائج جاری کررہا ہے، الیکشن کمیشن اسکے بعدمخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا اعلان کریگا،بیشتر آزاد ارکان قومی اسمبلی تحریک انصاف میں شامل ہوگئے ہیں، قومی اسمبلی سے8آزادارکان پی ٹی آئی میں شامل ہوچکے،قومی اسمبلی میں 177 ارکان کی حمایت حاصل ہے،حکومت سازی کاعمل ایک ہفتے میں مکمل ہوجائے گا،خیبر پختونخوا میں دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائیں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اگر 10 بار بھی الیکشن لڑ لیں تو جیت نہیں سکتے، ابھی تو مولانا فضل الرحمان صرف دوحلقوں سے ہارے ہیں،فضل الرحمان ایک کلو گوشت کے لیے پوری بھینس ذبح کرنا چاہ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ عوام کی توقعات ایک چیلنج ہے،اللہ کی مدد سے عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے، ایون فیلڈ کا پیساپاکستانی عوام کاہے، جوواپس لانا حکومت کا فرض ہے،برطانوی ہائی کمشنر سے کہا کہ برطانیہ لوٹی گئی رقم واپس لانے میں مددکرے،یورپی یونین، خلیجی ممالک نے بھی رقوم کی واپسی میں مددکی یقین دہانی کرائی ہے،انہوں نے کہا کہ پڑوسی ممالک سے تعلقات نوازشریف کی طرح ذاتی نہیں ہوں گے،نوازشریف کےساتھ عمران خان کی ذاتی لڑائی نہیں ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت پھولوں کی سیج نہیں بلکہ کانٹوں کا بستر ہے،حکومت سازی کا عمل آیندہ ڈیڑھ سے دو ہفتوں میں مکمل ہوگا،11اگست تک ایوان مکمل ہوں گے،وفاقی کابینہ کو 11 اگست کے بعد ہی حتمی شکل دی جاسکے گی،ملک کے 48 حلقوں میں دوبارہ گنتی ہوئی ہے۔

FOLLOW US