لاہور(نیوزڈیسک) کل مسالک علماء بورڈنے واضح کیا ہے کہ الیکشن دھاندلی کے نام پر کسی تحریک کا حصہ نہیں بنیں گے، عمران خان کی تقریرکے اہداف کے حصول کیلئے مکمل تعاون کریں گے، الیکشن میں ناکام جماعتیں آئینی اور قانونی راستہ اختیار کریں ،ریاستی اداروں اور عدلیہ کی توہین اور تضحیک برداشت نہیں کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق کل
مسالک علماء بورڈ کا اجلاس جامعہ احسان الرحیم گلبرگ لاہور میں منعقد ہوا۔اجلاس کے بعد کل مسالک علماء بورڈ کے مرکزی راہنما مولانا محمد عاصم مخدوم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ا نتشاراور فساد پھیلانے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ عمران خان کی تقریرمیں بیان کیے گئے اہداف خصوصا ریاست مدینہ کے قیام کے حصول کے لئے مکمل تعاون کریں گے۔الیکشن دھاندلی کے نام پر کسی تحریک کا حصہ نہیں بنیں گے۔الیکشن میں ناکام جماعتیں آئینی اور قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے 2023 کے الیکشن کی تیاری کریں۔ ریاستی اداروں اور عدلیہ کی الیکشن دھاندلی کی آڑ میں توہین اور تضحیک برداشت نہیں کی جائے گی اجلاس میں چاروں مسالک کے جید علماء کرام منیر مجددی ،حافظ محمدنعمان حامد، سید نوبہارشاہ ، مولانا عبدالرب امجد،قاری انعام الرحیم رحیمی، ڈاکٹرامجد حسین چشتی ،مولانامحمدافضل حیدری ، مولانااسلم صدیقی قاری احمدشکیل صدیقی،، علامہ اصغرچشتی، ڈاکٹرعبدالغفاررنداھاوا ، مولاناریحان یونس،مفتی امجد علی ، مولانا محمد منیب الرحمن سلیم ، صاحبزادہ بلال احمد چشتی ودیگر نے شرکت کی، مولانا محمدعاصم مخدوم نے کہا کہ کل مسالک علماء بورڈ فرقہ واریت کے خاتمہ کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔کسی کو بھی مسلک یا مذہب کی بنیاد پر دہشت گردی کا نشانہ نہیں بنایا جاسکتا،تمام مسالک اور تمام مذاہب دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خلاف متحد ہیں۔ اور دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خلاف ہر قسم کی جنگ کو ناکام بنانے کا عزم رکھتے ہیں ۔