Thursday October 31, 2024

ہاں ناں کا کھیل ختم ۔۔۔پی ٹی آئی کی جانب سےمرکز اور صوبوں میں کن رہنماؤں کو وزاتیں ملنے والی ہیں اور کابینہ کی کل تعداد کتنی ہو گی ؟ بڑی بریکنگ نیوز آ گئی

لاہور( ویب ڈیسک ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے حکومت میں آکر مکمل کفایت شعاری کے اعلان پر عمل درآمد کیلئے مرکز اور صوبوں میں کا بینہ ارکان کم رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق عمران خان قومی خزانے کی بچت کیلئے ایک ایک وزیر کو متعدد محکموں کے قلمدان دیں گے۔

موقر قومی اخبار کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد اور ڈاکٹر مراد ر اس پنجاب کی کابینہ میں محکمہ صحت کے قلمدان کے امیدوار ہیں ،راجہ بشارت کو وزیر قانون و پارلیمانی امور بنایا جائے گا ، سعید اکبر نوانی کو جیل خانہ جات کا محکمہ ملنے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق میاں محمود الرشید کو محکمہ بلدیات اورمیاں اسلم اقبال کو سیاحت کیساتھ ساتھ ایکسائز یا پھر ثقافت و اطلاعات اورسبطین خان کو سی اینڈ ڈبلیو کا وزیر بنایا جا سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق جنرل انتخابات میں کامیاب ہونے والی سونیا کو خواتین کی وزارت دی جا سکتی ہے جبکہ یار ہراج کو بھی وزیر بنائے جانے کا امکان ہے، دو وزارتیں مسلم لیگ (ق) کو دی جائیں گی جن کے نام چودھری پرویز الٰہی دیں گے ۔ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے کامیاب رکن اسمبلی کو ڈپٹی سپیکر شپ دی جائے گی۔ جبکہ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی اور پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ نمبرز پورے ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔عام انتخابات میں اکثریت ملنے کے بعد تحریک انصاف کی وفاق میں حکومت سازی کے لیے مشاورت جاری ہے اور نمبر گیم پورا کرنے کے لیے آزاد امیدواروں سمیت دیگر جماعتوں کے ارکان کو ملانے کی تگ و دو چل رہی ہے۔

آج بھی تحریک انصاف کے امیدوار کو ہرانے والے ایم این اے شبیر قریشی اور نو منتخب آزاد ایم این اے علی محمد مہر عمران خان کی ٹیم کا حصہ بن گئے۔تیرہ میں سے 6 آزاد ارکان قومی اسمبلی پہلے ہی تحریک انصاف کا حصہ بن چکے ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا فواد چوہدری کے ہمراہ بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت بنانے کے لیے ہمارے نمبرز پورے ہو چکے ہیں، قومی اسمبلی کے 9 آزاد اراکین تحریک انصاف میں شامل ہو چکے ہیں جب کہ پنجاب میں ہمارے نمبرز 185 سے تجاوز کر چکے ہیں۔تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کابینہ میں کون شامل ہو گا اور کون کس عہدے پر فائز ہو گا اس کا فیصلہ عمران خان خود کریں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کا اہم اجلاس آج بنی گالہ میں ہوا جس میں شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین سمیت دیگر پارٹی رہنما شریک ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ حکومت سازی کے فارمولے پر غور کیا گیا۔

FOLLOW US