اسلام آباد (نیوز ڈیسک) تحریک انصاف نے پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے ایوان میں آنے کو خوش آئند قرار دے دیا۔کل جماعتی کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ مخالف سیاسی جماعتوں کو سیاست کرنے کا پورا حق ہے،ہم پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کو ایوان کا حصہ بننے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق آج
اسلام آباد میں ہم خیال جماعتوں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں تحریک انصاف کو ٹف ٹائم دینے کے حوالے سے اہم فیصلے کئیے گئے۔ اس حوالے سے مریم اورنگزیب نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ن لیگی رہنماء سردار ایاز صادق کی رہائشگار پرمنعقد ہوا۔ جس میں دھاندلی کیخلاف بھرپور احتجاج کرنے اور اسمبلیوں میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا لائحہ پرمشاورت کی گئی اپوزیشن جماعتوں نے آئندہ کے لائحہ عمل پرعملدرآمد کیلئے 16رکنی کمیٹی بنا دی۔ کمیٹی میں سعد رفیق،، احسن اقبال،، مشاہد حسین سید، شیری رحمان،، قمر زمان کائرہ،، اویس نورانی ، لیاقت بلوچ،، گوہر حیدری، غلام احمد بلور، میاں افتخار، عثمان کاکڑ، رضا محمد، امیر کبیر، ملک ایوب سمیت دیگر شامل ہیں۔ ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ مشترکہ حکمت عملی کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی آئندہ کے لائحہ عمل اورایوان کی کاروائی کے حوالے سے حکمت عملی طے کرے گی۔ تمام جمہوری جماعتوں کا الائنس ہوا ہے۔۔تحریک انصاف کو بتائیں گے کہ اپوزیشن کیا ہوتی ہے۔اس موقع پر ہم خیال جماعتوں نے قومی اسمبلی میں وزیر اعظم ،اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لیے مشترکہ امیدوار لانے کا اعلان کیا ہے۔۔تحریک انصاف نے بھی کل جماعتی کانفرنس پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے سیاسی جماعتوں کے ایوان میں آنے کو خوش آئند قرار دے دیا۔ اس موقع پر تحریک انصاف کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاست کرنا مخالف جماعتوں کو حق ہے،ایوان میں وزیر اعظم اور اسپیکر اسی کا آئے گا جس کے پاس اکثریت ہوگی۔انکا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کو ایوان میں آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔مزید یہ کہ مسلم لیگ ن کا مورال اس وقت بہت گر چکا ہوا ہے اس لیے ان سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں ہے۔