کراچی (ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں پیپلز پارٹی کی رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شیری رحمان نے معافی مانگ لی۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز ڈاکٹر عامرلیاقت حسین نے ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں شیری رحمان اور
اویس احمد نورانی کی تصویر شئیر کی اور تمسخرانہ انداز میں لکھا کہ ” ہم تُم اے پی سی میں بند ہوں ، اور چاپی کھو جائے”۔شیری رحمان اور اویس احمد نورانی کی یہ تصویر غالباً متحدہ اپوزیشن کی اے پی سی کے دوران لی گئی تھی جس پر ڈاکٹر عامرلیاقت حسین نے تمسخرانہ تبصرہ کیا۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو اس ٹویٹ پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس پر انہوں نے بے جا تنقید ہونے کے پیش نظر اپنا یہ ٹویٹ ڈیلیٹ کر دیا اور ٹویٹر پر شیری رحمان سے معذرت بھی کر لی۔ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اپنے پیغام میں لکھا کہ شیری رحمان کے بارے میں میرا ٹویٹ ٹویٹر نے نہیں بلکہ میں نے خود ڈیلیٹ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ وہ ٹویٹ کرنے کے بعد مجھے احساس ہوا کہ شاید اس سے آپ کو بُرا لگے۔ عامر لیاقت حسین نے شیری رحمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے قومی اسمبلی میں بہت سے مسائل اُجاگر کیے ، تب میں بھی اسمبلی کا حصہ تھا اور اسی لیے میں آپ کی بے حد عزت کرتا ہوں۔ یہ ایک غلط فہمی ہے۔ اپنے ٹویٹ میں میں نے متحدہ مجلس عمل کے اویس نورانی کو اپنا ہدف بنایا تھا آپ کو نہیں لیکن پھر بھی میں اپنے اس ٹویٹ پر آپ سے معذرت خواہ ہوں۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عامر لیاقت حسین عام انتخابات 2018ء میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ ڈاکٹر عامر لیاقت کو ماضی میں بھی تمسخر اُڑانے اور تمسخرانہ ٹویٹس پر بارہا تنقید کا سامنا کرنا پڑ چکا ہے۔