Friday November 1, 2024

عمران خان کی حکومت کب تک چلے گی؟ نواز شریف نے اڈیالہ جیل میں پیشگوئی کر دی

راولپنڈی(نیوزڈیسک) احتساب عدالت سے ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سزا یافتہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت کب تک چلے گی کچھ نہیں کہہ سکتا، جج نے مجھے کرپشن سے بری، آمدن سے زائد اثاثوں پرسز ا دی، میری صحت ٹھیک ہے، پہلے دن جیل میں زمین پرسلایا گیا، ٹوٹا باتھ روم دیا گیا۔

انہوں نے اڈیالہ جیل میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور کارکنان سے ملاقات کے دوران گفتگو میں کہا کہ میری صحت ٹھیک ہے اسپتال منتقلی پراصرار کیا گیا۔ اسپتال سے بھی مرضی سے واپس جیل آیا ہوں۔انہوں نے کہا کہ احتساب عدالت کے جج نے مجھے کرپشن سے بری کیا ہے۔ مجھے آمدن سے زیادہ اثاثوں پرسز ا دی گئی ہے۔ پہلے دن جیل میں زمین پرسلایا گیا، ٹوٹا باتھ روم دیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی حکومت کب تک چلے گی کچھ نہیں کہہ سکتا۔ اڈیالہ جیل آنے والوں میں سابق وزیرداخلہ احسن اقبال،،، سابق گورنر سندھ محمد زبیر، سابق وزیر دفاع خرم دستگیر، سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف اور سابق وزیر صحت سائرہ افضل تارڈ شامل ہیں۔۔۔نواز شریف کے قریبی ساتھی طارق فاطمی اپنی اہلیہ کے ہمراہ ان سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل پہنچے جبکہ جاوید ہاشمی،،، عرفان صدیقی،،، مریم اورنگزیب،،، مصدق ملک، پرویز رشید اور چوہدری تنویر بھی ملاقات کیلئے آنے والوں میں شامل ہیں۔دوسری جانب جیل حکام نے صحافیوں کو نوازشریف سے ملاقات کرنے والوں کی کوریج سے روک دیا ہے اور سیکورٹی اہلکاروں نے متعدد نیوز چینلرز کی گاڑیوں کو جیل سے دور روک رکھا ہے۔ پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ سی پی او راولپنڈی عباس احسن نے میڈیا ٹیموں کو روکنے کے احکامات دئیے ہیں اور حکم دیا ہے کہ نواز شریف سے ملنے والوں کی میڈیا کوریج نہیں ہونی چاہئے، اس لئے میڈیا کو اس وقت تک آگے جانے نہیں دیں گے جب تک سی پی او اجازت نہیں دیں گے۔ ملاقاتیوں کی گاڑیوں کے لیے جیل کا گیٹ نمبر 5 مختص کیا گیا ۔

FOLLOW US