این اے 108 فیصل آباد: عابد شیر علی بمقابلہ فرخ حبیب ۔۔۔۔۔ دوبارہ گنتی میں کون جیتا کون ہارا؟ پورے شہر کی سیاست میں ہلچل مچا دینے والا نتیجہ آگیا ۔۔۔۔۔فیصل آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 فیصل آباد میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل چھٹے روز مکمل کرلیا گیا ہے۔
ریٹرننگ افسر کی جانب سے جاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے فرخ حبیب کامیاب قرار پائے ہیں۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 فیصل آباد میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی مکمل کرلی گئی ہے جس میں پی ٹی آئی کے امیدوار فرخ حبیب نے اپنی کامیابی برقرار رکھی ہے۔ دوبارہ گنتی کے مطابق فرخ حبیب ایک لاکھ 12 ہزار 29 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے عابد شیر علی کو ایک لاکھ 10 ہزار 828 ووٹ ملے ہیں۔ دوبارہ گنتی میں دونوں امیدواروں کے ووٹوں میں کمی آئی ہے۔ تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے نتیجہ آنے پر عدالت میں ہی جشن منایا جارہا ہے اور مٹھائیاں تقسیم کی جارہی ہیں جبکہ عابد شیر علی نتیجہ سنے بغیر ہی عدالت سے واپس چلے گئے۔واضح رہے کہ فیصل آباد کے حلقہ این اے 108 سے پاکستان تحریک انصاف کے نوجوان رہنما فرخ حبیب کامیاب قرار پائے تھے۔ ابتدائی نتائج میں انہوں نے ایک لاکھ 12 ہزار 740 ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار اور سابق وزیر مملکت عابد شیر علی ایک لاکھ 11 ہزار 529 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ ایک ہزار 211 ووٹوں سے ہارنے والے امیدوار عابد شیر علی کی جانب سے حلقے کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دی گئی تھی جو آج (جمعرات کو) چھٹے دن مکمل ہوئی ہے ۔ریٹرننگ افسر شکیل سپرا نے 394 میں سے 220 پولنگ سٹیشنز کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد آج 12 بجے سے پہلے گنتی مکمل ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کیا اور کہا تھا کہ دوپہر ایک بجے آفیشل نتیجے کا اعلان کیا جائے گا تاہم نتیجہ تاخیر کا شکار ہوگیا۔