Friday November 1, 2024

وزیراعلیٰ پنجاب کون ہو گا؟ عمران خان کے دبنگ اعلان سے سب کو ہلا کر رکھ دیا

اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کون ہو گا یہ صرف عمران خان ہی جانتے ہیں، مرکز میں حکومت سازی کے لیے مطلوبہ اکثریت حاصل کرنے کے بالکل قریب ہیں جبکہ پنجاب میں حکومت سازی کے لیے درکار اکثریت حاصل کر لی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایک

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سازی میں کسی قسم کا رسک نہیں لینا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی گزشتہ حکومتوں کی غیر موثر پالیسیوں کی بدولت ملک و قوم کا کافی نقصان ہو چکا ہے، پاکستان تحریک انصاف اپنی حکومت کے دوران موثروکارآمد پالیسیاں اپنائے گی تاکہ ملک و قوم کو فائدہ ہو اور عوامی فلاح و بہبود ہماری ترجیحات میں بھی شامل ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حلف برداری کی تقریب ایک سادہ سی پروقار تقریب ہو گی جس میں کسی بھی غیر ملکی لیڈر کو نہیں بلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی وفاق سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بآسانی حکومت بنا لے گی، پنجاب میں 130 نشستوں کے ساتھ پی ٹی آئی سب سے آگے ہے جبکہ منتخب ہونے والے 19 آزادا میدوار بھی پی ٹی آئی جوائن کر چکے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ (ق) لیگ سے ہماری سیٹ ایڈجسٹمنٹ تھی تو وہ سیٹیں بھی ہماری ہی ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاوجہ انتخابات میں دھاندلی کا رونا رویا جا رہا ہے، ملک میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات شفاف ترین انتخابات تھے جن کے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف ہونے کا اعتراف عالمی مبصرین بھی کر رہے ہیں، اس کے باوجود ہمارے قائد عمران خان پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ اگر کسی بھی سیاسی جماعت کو کسی بھی حلقے میں دھاندلی کا کوئی شک ہے تو پی ٹی آئی اس حلقے کو کھولنے کے لیے تیار ہے۔

FOLLOW US