اسلام آباد (نیوزڈیسک) نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی چوہدری غلام حسین نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ عمران خان اور تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد پاکستان استحکام اور ترقی کی طرف جائے گا اور غریب آدمی کی زندگی میں انقلاب آئے گا۔ عمران خان کچھ اور کریں یا نہ کریں ملک میں دیانتداری کا ایک
باب ضرور کھُلے گا۔ہم ہر اس چیز کا حساب دے رہے ہیں جو ٹھیک ہے اور ہر اس چیز کی مخالفت کریں گے۔ پروگرام میں موجود سینئیر صحافی محمد مالک نے کہا کہ جولوگ عمران خان کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں ان کی سازشیں جاری رہیں گی۔ سب سے بڑا فرق یہ پڑے گا کہ سب سے اہم وزارت پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کی ہے۔ اسد عمر کو وزارت خزانہ کے عہدےکے لیے نامزد کیا جا چکا ہے۔ہمیں اس حوالے سے ابھی کچھ علم نہیں ہے کہ اسد عمر کی قابلیت کیا ہے، لیکن اسد عمر نے قوم سے جو وعدہ کیا ہے وہ بہت بڑا ہے۔ اسد عمر پڑھے لکھے اور سمجھدار شخص ہیں۔ ان کی ملکی معیشت پر واضح سوچ ہے۔ ہم نے بھی جب معیشت پر بات کرنی ہوتی تھی تو ہم بھی اسد عمر سے ہی بات کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسد عمر ہمیشہ سے ہی کافی سمجھ سے کام لیتے رہے ہیں، لیکن ملکی معیشت سنبھالنا اکیلےان کے بس کی بات نہیں ہے ، اس کے لیے ان کو اپنی ایک ٹیم تشکیل دینا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ اسد عمر کی قابلیت اور کارکردگی کا تو بعد میں پتہ چلے گا لیکن ایک بات ضرور ہے کہ اسد عمر اپنا مال بٹورنے اور دیہاڑی لگانے کے چکر میں رہنے والے انسان نہیں ہیں۔ یہ ایک بہت بڑا فرق ہے۔ یہ اس قسم کے وزیر خزانہ نہیں ہوں گے کہ اپنے بچوں کے دبئی میں پلازہ بن رہے ہیں،اور اپنی جائیداد میں نوے گنا کا اضافہ ہو رہا ہے۔ آپ کے والد کی سائیکلوں کی دکان ہو اور آپ وہاں سے اکاؤنٹنٹ بھرتی ہوں اور وہاں سے آ کر آپ ارب پتی بن جائیں لیکن اس کا کوئی جواز پتہ نہ لگ رہا ہو۔ جس معاشرے سے آپ نے اربوں کمائے ہیں وہاں لوگ بھوک سے خود کُشیاں کر رہے ہوں، اسد عمر اور اسحاق ڈار میں یہی فرق ہے ۔