اسلا م آباد(نیوزڈیسک) تحریک انصاف نے آزاد امیدواروں سے حلف نامے لینا شروع کردئیے۔حلف نامے کے متن پر لکھا ہوا ہے کہ ہم اپنی مرضی سے اور بغیر کسی دباو کے تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں ،وزارت اعلیٰ اور وزارت عظمیٰ کے چناو کے وقت پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کریں گے۔تفصیلات کے مطابق 25 جولائی کو انعقاد پذیر
ہونے والے انتخابات کے نتیجے میں پاکستان تحریک انصاف وفاق کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی تھی اور عددی اعتبار سے پاکستانی کی سب سے بڑی پارٹی بن کے ابھری تھی۔پاکستان تحریک انصاف کے پاس قومی اسمبلی کی 115 نشستیں آئی تھیں جس کے بعد یہ بات طے ہو گئی تھی کہ وفاق میں پاکستان تحریک انصاف حکومت بنائے گی۔تاہم اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کو نمبر گیم پوری کرنے کے لیے پاکستان تحریک انصاف کو اتحادیوں کی ضرورت تھی جس کے لیے ابھی تک جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری تھا۔اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے مرکزمیں سادہ اکثریت حاصل کر لی ہے۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے وفاق میں نمبر گیم پوری کرلی ہے۔تاہم اس حکومت سازی کے عمل میں پاکستان تحریک انصاف کو جن اراکین پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے وہ آزاد اراکین ہیں۔اس حوالے سے پنجاب اور وفاق میں آزاد امیدوار خاصی اہمیت اختیار کر چکی ہے۔انہی امیدواروں کے بل بوتے پر اس وقت پنجاب میں مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف دونوں ہی اپنی اکثریت کے دعوے کر رہے ہیں تاہم اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف نے کسی بھی قسم کا رسک لینے سے گریزاں نظر آتی ہے۔تحریک انصاف نے آزاد امیدواروں سے حلف نامے لینا شروع کردئیے۔اس موقع پر حلف نامے پر لکھوایا جارہا ہے کہ وہ اپنی مرضی سے اور بغیر کسی دباو کے تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیںاور مزید یہ کہ وہ وزارت اعلیٰ اور وزارت عظمیٰ کے چناو کے وقت پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کریں گے اور تحریک کے امیدوارہی کو ووٹ ڈالیں گے۔یہ حلف چاروں صوبوں سمیت قومی اسمبلی کی نشستوں پر جیتنے والے ان آزاد امیدواروں سے لیا جارہا ہے جو تحعیک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں ۔