کراچی(ویب ڈیسک) اپنے دور کے عظیم آل راؤنڈر اور سابق قومی ٹیسٹ کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا وسیم نے امید ظاہر کی ہے کہ عمران خان پاکستان کے وزیر اعظم بن کر اپنے ملک و قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے
شنیرا وسیم نے کہا کہ عمران خان ایک عظیم کرکٹر ہیں، ان کو سیاسی میدان میں کامیابی مبارک ہو، شنیرا وسیم نے توقع ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ عمران خان اپنے عظیم ملک کے مفادات کا بہترین اندازمیں تحفظ کریں گے، عوام کو ان کے بنیادی حقوق میسر آئیں گے جبکہ ان کی قیادت میں پاکستان ترقی کی منازل تیزی کے ساتھ طے کرے گا۔دوسری جانب ایک خبر کے مطابق عام انتخابات 2018ء میں پاکستان تحریک انصاف نے واضح برتری حاصل کی جس کے بعد نہہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں تبدیلی کے نعرے کی گُونج سنائی دی۔ چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے پہلے پالیسی بیان نے دنیا بھر کی توجہ اور پذیرائی حاصل کی ۔ پاکستان تحریک انصاف کےچئیرمین عمران خان سے متعلق سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ عمران خان ایک بہترین لیڈر ہیں۔عمران خان ہمیشہ جوڑنے کی بات کریں گے توڑنے کی نہیں۔ عمران خان نیک ، پاک اور پاکیزہ ہے۔ عمران خان پاکستان کی ڈوبتی ہوئی معیشت کو بچائیں گے۔بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ عمران خان مشکل وقت میں کسی کو قربانی کا بکرا نہیں بنائیں گے۔عمران خان سسٹم کو کچھ دینے آئے ہیں،
سسٹم سے کچھ لینے نہیں آئے۔یاد رہے کہ پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان عام انتخابات میں واضح برتری حاصل کرنے پر پاکستان سمیت دنیا بھر سے مبارکبادیں موصول ہو رہی ہیں۔ پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کو بھارت کی جانب سے بھی کئی مبارکبادیں موصول ہوئیں۔ بالی وڈ کے ناقد اداکار رشی کپور نے بھی پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی تعریف کی۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپے پیغام میں رشی کپور نے کہا کہ عمران خان نے بہت اچھی باتیں کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپ نے پاک بھارت تعلقات پر جو کچھ بھی کہا میں بھی ٹی وی چینلز پر وہی کہتا آ رہا ہوں۔ میں اُمید کرتا ہوں کہ آپ اپنے ”ملک” کا میرے ”ملک” سے تعلق بہتر بناسکیں۔بالی وڈ کے فلمسٹار ایوشمان کھُرانا نے کہا کہ 1992ء کے ورلڈ کپ میں فتح حاصل کرنے کے بعد جب عمران خان نے وکٹری اسپیچ کی تھی تب میرے والد نے پیشن گوئی تھی کہ یہ بندہ ایک دن پاکستان کا وزیر اعظم بنے گا۔اور آج یہی ہوا۔ ایوشمان نے کہا کہ عمران خان سر آپ کو بہت مبارک ہو۔ میں ہمیشہ سے آپ کا مداح رہا ہوں۔ اب آپ کے کاندھوں پربرصغیر میں امن و استحکام اور ہم آہنگی لانے کی بھاری ذمہ داری ہے۔
خیال رہے کہ عام انتخابات میں کامیابی کے بعد اپنے پہلے پالیسی خطاب میں پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے پاک بھارت تعلقات پر بھی بات کی۔انہوں نے کہا کہ میں وہ پاکستانی ہوں جس کی سب سے زیادہ ہندوستان میں واقفیت ہے۔ ہم غربت ختم کرنے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کریں گے۔بدقسمتی یہ ہے کہ ہمارے درمیان بڑا ایشو کشمیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارتی لیڈرشپ ہمارے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے تو ہم بھی تیار ہیں۔ میں ہندوستان کو کہتا ہوں کہ آپ ایک قدم بڑھائیں ہم دو قدم آپ کی طرف بڑھائیں گے۔ چیئرمین عمران خان نے کہا کہ پاکستان کواس وقت سب سے زیادہ امن کی ضرورت ہے ۔ہم چاہتے ہیں ہمارے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات اچھے ہوں ۔