کوئٹہ(ویب ڈیسک ) دوبارہ گنتی متحدہ مجلس عمل کو مہنگی پڑ گئی،تحریک انصاف نے ایک اور سیٹ چھین لی۔ پاکستان تحریک انصاف کے بابر موسیٰ خیل نے ایم ایم اے کے محمد حسن شیرانی کو شکست دے دی۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں دوبارہ گنتی متحدہ مجلس عمل کو مہنگی پڑ گئی،
تحریک انصاف نے ایک اور سیٹ چھین لی۔بلوچستان کے صوبائی حلقہ پی بی 1پاکستان تحریک انصاف کے بابر موسیٰ خیل نے ایم ایم اے کے محمد حسن شیرانی کو شکست دے دی۔تحریک انصاف کے بابر خان 12ہزار 3 سو 66 ووٹ لے کر کامیاب جبکہ متحدہ مجلس عمل کے محمد حسن شیرانی 12ہزار 2 سو 94 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔اس کے بعد بلوچستان میں تحریک انصاف کی ایک اور سیٹ اضافہ ہو گیا ہے اور متحدہ مجلس عمل کو ایک اور سیٹ سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عمران خان وزیراعظم ہوں گے اور 3صوبوں میں ہماری حکومت ہو گی، بلوچستان میں حکومت سازی کیلئے رابطے میں ہیں،وفاق اور صوبائی سطح پر ایم کیو ایم سے اتفاق ہو سکتا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا کہ حکومت سازی کے معاملات پر مشاورت چل رہی ہے، عمران خان وزیراعظم ہوں گے اور 3صوبوں میں ہماری حکومت ہو گی، عمران خان کراچی سمیت پورے سندھ پر توجہ دیں گے۔ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ سندھ کے گورنر محمد زبیر اب چند دنوں کے مہمان ہیں، ہم سندھ میں بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے، کے پی کے اور پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت ہو گی، بلوچستان میں حکومت سازی کیلئے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم سے بات چل رہی ہے، وفاق اور صوبائی سطح پر ایم کیو ایم کے ساتھ اتفاق ہو سکتا ہے۔