اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے فیصلوں سے جمہوریت اور مضبوط ہوگی ، پنجاب میں مسلم لیگ (ق) کی حمایت سے ہمارے پاس اکثریت زیادہ ہے ، مسلم لیگ (ق) ہماری اتحادی جماعت ہے اور ہم انہیں ساتھ لے کر چلیں گے ۔ہفتہ کو فواد چوہدری نے مسلم لیگ (ن) کے فیصلے پر
ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ کا یہ اچھا فیصلہ ہے ، جمہوریت کے تسلسل میں ہی پاکستان کی سیاسی جماعتوں اور عوام کی بقاء ہے ، مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی نے جو فیصلہ کیا ہے اس سے جمہوریت اور مضبوط ہوگی ، یہ قومی سیاست کا ایک نیا باب شروع ہوا ہے ، دونوں جماعتوں کے اس حلف اٹھانے کے فیصلے سے دوسری جماعتیں جو مسترد کرچکی ہیں ان کی سیاست دفن ہو چکی ہے ، میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہوں ، میں امید کرتا ہوں کہ ہم پارلیمان میں مل کر عوام کی خدمت کریں گے ، پنجاب اسمبلی میں حکومت بنانے کے معاملے پر بھی مسلم لیگ (ن) اچھا اقدام کرے گی ، جس طرح مرکز میں پی ٹی آئی کو اکثریت حاص ہے اسی طرح پنجاب میں بھی حاصل ہے ، مسلم لیگ (ق) کی حمایت سے ہمارے پاس اکثریت زیادہ ہے ، مسلم لیگ (ق) نے ہمارے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر کے الیکشن لڑا ہے ان کی جو نشستیں ہیں وہ پی ٹی آئی کی نشستیں ہیں ، یہ فیصلہ الیکشن سے پہلے ایک معاہدہ کے تحت ہوا ہے ، مسلم لیگ (ق) کے چار امیدوار ہیں جن کے مقابلے میں پی ٹی آئی نے امیدوار کھڑے نہیں کئے وہ بھی معاہدے کے پابند ہیں ، مسلم لیگ (ق) ہماری اتحادی پارٹی ہے اور ہم انہیں ساتھ لے کر چلیں گے ، حمزہ شہباز شریف نے جو بیانیہ دیا ہے وہ بالکل درست ہے ، پنجاب میں پی ٹی آئی کی اکثریت ہے اور ہم ہی حکومت بنائیں گے ۔