اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سنبھالتے ہی چاروں صوبوں کے گورنرز تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نےحکومت سنبھالنے کے بعد سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے گورنرز کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف نے گورنرزتبدیلی کا فیصلہ پارٹی کے مشاورتی اجلاس میں
کیا۔ خیال رہے کہ صوبہ پنجاب مسلم لیگ ن کےرہنما ملک رفیق رجوانہ، سندھ میں محمد زبیر، خیبرپختونخواہ میں اقبال ظفرجھگڑا گورنر کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے رہیں جبکہ بلوچستان کے گورنرمحمد خان اچکزئی پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صدر محمود خان اچکزئی کے بھائی ہیں۔ جبکہ عام انتخابات 2018ء میں کامیابی کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سنبھالتے ہی پولیس نظام کو بہتر بنانے کے لیے کراچی سمیت ملک بھر میں تعینات اے ایس پی سے لے کر آئی جی تک کے تمام افسران کو دوسرے صوبوں میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جبکہ آپریشن ڈویژن میں تعینات کانسٹیبل سے لے کر ڈی ایس پی تک کے افسران اور ملازمین کو سیکورٹی ڈویژن اور ٹریفک پولیس میں تبدیل کیا جائے
گا۔ اس حوالے سے پی ٹی آئی کے اہم عہدیدار نے بتایا کہ پارٹی جس کو نیا وزیر داخلہ مقرر کرے گی وہ ابتدائی طور پر پولیس نظام میں بہتری لانے کے لیے اقدامات کا آغاز کرے گا اور وفاقی پولیس میں موجود کرپٹ ملازمین کے خلاف گھیراؤ تنگ کرتے ہوئے انہیں وفاقی پولیس سے بے دخل کرنے کے ساتھ نوکریوں سے برخاست بھی کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کی 251 نشتوں کے نتائج جاری کردیے جس کے مطابق تحریک انصاف قومی اسمبلی میں 114 نشتوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نتائج کے مطابق قومی اسمبلی اور خیبرپختونخواہ اسمبلی میں تحریک انصاف پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن، سندھ اسمبلی میں پیپلزپارٹی جبکہ بلوچستان اسمبلی میں بلوچستان عوامی پارٹی کو برتری حاصل ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کے 19، پنجاب کے 6 سندھ کے 11، خیبرپختونخواہ اور بلوچستان کے 5 حلقوں کے نتائج جاری نہیں کیے گئے۔