لندن (نیوزڈیسک) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز ابھی تک آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر ہیں، حالت میں معمولی سی بہتری آئی ہے ۔لندن میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کے صاحبزادے حسن نواز نے بتایا کہ ان کی والدہ ابھی تک وینٹی لیٹر پر ہیں جبکہ ان کی حالت میں معمولی سی بہتری آئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کلثوم نواز اب
تھوڑی دیر کیلئے آنکھیں کھولتی ہیں اور پھر بند کردیتی ہیں۔اس سے قبل 12 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں گرفتاری سے ایک دن قبل مریم نواز نے ٹویٹر پر بتایا کہ تیس دن میں پہلی بار امی نے آنکھیں کھولی ہیں تاہم یہ نہیں معلوم کہ انہوں نے ہمیں پہچانا یا نہیں جب کہ والدہ اب بھی وینٹی لیٹر پر ہیں اور بے ہوشی کی حالت میں ہیں۔سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کینسر کے علاج کے لیے گزشتہ ایک سال سے لندن میں موجود ہیں، ڈاکٹرز کے مطابق کلثوم نواز کو دل کا دورہ پڑا جس کے بعد سے وہ مسلسل وینٹی لیٹر پر ہیں۔