Friday November 8, 2024

اقتدار ملتے ہی یہ کام سب سے پہلے کروں گا، عمران خان نے الیکشن سے ایک روز پہلے بڑا اعلان کر دیا

لاہور(نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی معاشرہ اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جہاں امیروں کا چھوٹا سا جزیرہ ہو اور غریبوںکی بہت بڑی تعداد ہو ۔ غیر ملکی میڈیا کو پاکستانی الیکشن میں دھاندلی کی پریشانی ہے‘ جب میں دھاندلی کے خلاف نکلا تھا اس وقت غیر ملکی میڈیا کہاں تھا‘2013ء میں دھاندلی کرنے والا

بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ کا لاڈلا تھا‘ بین الاقوامی میڈیا کو عوام کا طوفان کیوں نظر نہیں آ رہا ۔سابق حکمرانوں نے بین الاقوامی ایجنڈے کے ساتھ مل کر فوج کو کمزور کرنے کی کوشش کی ‘ ختم نبوت کے حلف نامے میں خفیہ طریقے سے تبدیلی کی گئی ۔اس جماعت کو ووٹ نہ دیں جس کا جینا مرنا پاکستان میں نہیں ‘ اقتدار میں آ کر ملک میں انسانیت کا نظام لائیں گے اور پسے ہوئے طبقہ کو اوپر اٹھائیں گے ‘ وہ پیر کی شب والٹن میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔عمران خان نے کہا کہ وہ ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں جس نظریہ کے تحت پاکستان بنا‘ یہ وہ ملک ہو گا جہاں انسانیت کی قدر ہو گی اور کمزور طبقے کی مدد ہو گی ۔میں چاہتا ہوں کہ پاکستان ایک عظیم ملک بنے‘ پاکستان بنانے کا خواب مدینہ کی ریاست کی طرز پر تھا۔ کوئی معاشرہ اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جہاں امیر کے لئے الگ قانون اور غریب کے الگ میعار ہو۔بیرون ملک میں جانوروں کے بھی گھر بنائے جاتے ہیں اور وہاں انسانیت کی قدر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10برسوں میں کمزور طبقہ کو دبایا گیا ، روپیہ کی قیمت گرنے سے قوم مہنگائی کی قیمت اپنے خون سے ادا کر رہی ہے ۔ روپیہ گرتا ہے تو غیر ملکی قرضوں میں اضافہ ہو جاتا ہے ‘ قرضے ادا کرنے کیلئے عوام پر اضافی ٹیکس لگائے جاتے ہیں ‘ تنخواہ دار طبقے کا برا حال ہے ۔عمران خان نے کہا کہ ملکی اداروں کا کام کرپٹ مافیا کو پکڑنا ہے ‘ اقتدار میں آ کر اداروں سمیت معیشت کو ٹھیک کریں گے ۔ آگے مزید مشکلات ہیں ‘ افواج پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی میڈیا پریشان ہے کہ انتخابات کے دوران پاکستان میں دھاندلی ہونے جا رہی ہے ‘ غیر ملکی میڈیا کو کیوں پروا ہونے لگی ہے جب دھرنا تھا تو تب فکر کیوں نہ ہوئی ‘ سب کو خوف لاحق ہو گیا ہے کہ سونامی آ رہی ہے ۔انتخابات میں کامیابی سے ایک نیا پاکستان بنے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر ظلم ختم ہونا چاہئے ‘ غیر ممالک سے اچھے تعلقات ہونے چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ اصلاحات نہ کی گئیں تو غریب کچلا جائے گا۔ عمران خان نے مقامی لوگوں کو درپیش مسائل حل کروانے کی یقین دہانی کروائی۔انہوں نے پیغام دیا کہ قوم کو تقدیر بدلنے کا موقع بار بار نہیں ملتا ۔ لہذا آنے والی نسلوں کیلئے تحریک انصاف کو کامیاب کروائیں اور بلے پہ مہر لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قوم کو گورننس چاہئے‘ معیار چاہئے‘ اسی قوم سے پیسہ اکٹھا کریں گے اور بچوں کی تعلیم ‘ صحت ‘ غریب طبقہ ‘ کسان‘ مزدور پر وہی پیسہ خرچ کریں گے اور پاکستان کو عظیم ملک بنائیں گے۔

FOLLOW US