اسلام آباد (ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ایک اور (ن) لیگی کے اڈیالہ جیل جانے کی خبر آگئی ہے ۔ ہفتہ کو حنیف عباسی کو انسداد منشیات عدالت نے عمر قید کا فیصلہ سنائے جانے پر اپنے ردعمل میں عمران خان نے کہا
کہ حنیف عباسی 7 سال پہلے منشیات بیچتے ہوئے پکڑا گیا شکر ہے ہماری عدلیہ طاقتور اور آزاد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک اچھی خبر آئی ہے کہ ایک اور (ن) لیگی اڈیالہ جیل جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک منشیات فروش کو سزا دیئے ہوئے بہت دیر لگی ہے ۔ شہباز شریف نے حنیف عباسی کو اپنا قریبی ساتھی قرار دیا تھا ۔انشاء اللہ اب سب کی جیل جانے کی باری آئے گی۔دریں اثناء عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور حلقہ این اے 60 سے حنیف عباسی کے مد مقابل شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ انسان جو بوتا ہے وہ کاٹتا ہے ، حنیف عباسی کو سزا کے بعد ایفی ڈرین کیس اپنے انجام کو پہنچا ۔ وہ ہفتہ کو حنیف عباسی کے خلاف عدالتی فیصلے پر اپنا ردعمل ظاہر کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ انسان جو بوتا ہے وہ کاٹتا ہے ۔ حنیف عباسی کے خلاف فیصلے سے حلقہ این اے 60 پر الیکشن یک طرفہ ہو گیا ہے ۔ میری خواہش ہے کہ وہ میرے مقابلے میں لڑیں۔ انہوں نے کہا کہ حنیف عباسی کو سزا ملنے سے ایفی ڈرین کیس انجام کو پہنچا۔